Sunday, November 15, 2026 | 04 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • فلمیں/ طرززندگی
  • »
  • امیتابھ بچن کے بنگلے ’جلسہ‘ پر خاندانی ملکیت کا تنازعہ، 1993 کے گفٹ ڈِیڈ کو اجیتابھ کی اہلیہ نے کیا چیلنج

امیتابھ بچن کے بنگلے ’جلسہ‘ پر خاندانی ملکیت کا تنازعہ، 1993 کے گفٹ ڈِیڈ کو اجیتابھ کی اہلیہ نے کیا چیلنج

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 14 Nov 2026

امیتابھ بچن کے بنگلے ’جلسہ‘ پر خاندانی ملکیت کا تنازعہ، 1993 کے گفٹ ڈِیڈ کو اجیتابھ کی اہلیہ نے کیا چیلنج

ممبئی میں بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن کے جوہو واقع بنگلے ’جلسہ‘ کی ملکیت پر خاندانی تنازعہ سامنے آیا ہے، جہاں ان کی بھابھی رَمولا بچن نے 1993 میں تیار کیے گئے گفٹ ڈِیڈ کو چیلنج کردیا ہے جس کے تحت یہ جائیداد جیا بچن کے نام منتقل کی گئی تھی۔ رَمولا، جو امیتابھ کے چھوٹے بھائی اجیتابھ بچن کی اہلیہ ہیں، کا مؤقف ہے کہ یہ منتقلی ان کی لاعلمی اور رضامندی کے بغیر ہوئی۔ معاملہ اندھیری میں ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز کے دفتر تک پہنچ چکا ہے جہاں سماعت شروع ہو چکی ہے اور فریقین سے تحریری جواب طلب کیے گئے ہیں۔

ممبئی کے اخبار کے مطابق رَمولا نے گزشتہ 7 ماہ میں رجسٹریشن حکام کو متعدد شکایات دیں، یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ ’جلسہ‘ پہلے ان کے نام رجسٹر تھی اور بعد ازاں گفٹ ڈِیڈ کے ذریعے جیا کے نام کردی گئی۔ کاپول ہاؤسنگ سوسائٹی کے ریکارڈ میں جیا بچن کو مالک بتایا گیا ہے، لیکن مہاراشٹر حکومت کے پراپرٹی کارڈ پر اب بھی رَمولا کا نام موجود ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تنازعہ اس وقت پھر ابھرا جب سرکاری ریکارڈ میں رَمولا کے نام کی جگہ جیا کا نام درج کرانے کی کوشش کی گئی۔

رَمولا نے گفٹ ڈِیڈ کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دستاویز سادہ کاغذ پر بغیر اس وقت اسٹامپ ڈیوٹی ادا کیے تیار کی گئی اور اس پر گواہوں کے دستخط بھی موجود نہیں تھے۔

انہوں نے مزید سوال اٹھایا کہ بعد میں اسے کیسے رجسٹر اور مہاراشٹر حکومت کی ابھے یوجنا کے تحت ریگولرائز کیا گیا۔ ڈپٹی رجسٹرار فیاض مُلانی نے شکایت موصول ہونے اور سماعت کے آغاز کی تصدیق کی۔ حکام کے مطابق متنازع دستاویزات اور ملکیتی دعووں کی قانونی حیثیت کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔