جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی صدارت میں جمعہ کو جموں و کشمیر کی کابینہ کی میٹنگ ہوئی ۔ کابینہ اجلاس میں ہائیڈرو پاور ڈیولپمنٹ اور شہری اثاثہ جاتی نقشہ بندی و منیٹائزیشن سے متعلق دو بڑی پالیسیوں کی منظوری دے دی، جبکہ پٹن، ترال اور کولگام میں پھل منڈیوں کے قیام کیلئے اراضی الاٹ کرنے اور بانڈی پورہ ضلع کے حاجن علاقے میں گرڈ اسٹیشن کیلئے 32 کنال زمین منتقل کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔
یہ اجلاس 27 اکتوبر کو چار نئے وزراء کی شمولیت کے بعد جموں میں کابینہ کا پہلا مکمل اجلاس تھا۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر نے ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے جموں میں کونسل آف منسٹرز کی میٹنگ کی صدارت کی جس میں عوامی فلاح، مساوی ترقی میں تیزی، اور شفاف، جوابدہ اور مؤثر حکمرانی کو آگے بڑھانے کیلئے اہم تجاویز پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے جموں و کشمیر ہائیڈرو پاور پالیسی-2026 کی منظوری دی جس کا مقصد 100 میگا واٹ تک کی صلاحیت والے پن بجلی منصوبوں میں نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے، جس کیلئے انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسر اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈلز بروئے کار لائے جائیں گے۔ اسی طرح ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کی تیار کردہ اربن ایسیٹ میپنگ اینڈ منیٹائزیشن پالیسی-2026 بھی منظور کی گئی، جس کے تحت شہری بلدیاتی اداروں کی ملکیتی اراضی و جائیداد کی نشاندہی، نقشہ بندی اور بہتر استعمال کے ذریعے اضافی آمدنی پیدا کر کے شہری بنیادی ڈھانچے کو مضبوط اور عوامی خدمات کو بہتر بنایا جائے گا۔
ایک اور فیصلے میں کابینہ نے کشتواڑ ضلع کے سمچم۔پڈر منرل بلاک کی ای آکشن کی منظوری دی تاکہ حکومت ہند کی وزارتِ معدنیات کے ذریعے تانبہ، نکل اور متعلقہ مادنی ذخائر کی تلاش کے لئے ایکسپلوریشن لائسنس دیا جا سکے۔ اس کے علاوہ حاجن کے نادی کھائے اور پوش واری علاقوں کی شاملات اراضی میں سے 32 کنال زمین پاور ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے حق میں گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کیلئے منتقل کرنے کی منظوری دی گئی، جس سے مقامی ترسیلی و تقسیم کار نظام کے استحکام کی توقع ہے۔ زرعی منڈی ڈھانچے کی مضبوطی کے مقصد سے پٹن، ترال اور کولگام میں پھل منڈیوں کے قیام کیلئے اراضی الاٹمنٹ کی تجاویز بھی منظور ہوئیں، جن سے باغبانوں کو مارکیٹنگ سہولیات میسر آئیں گی اور زرعی پیداوار کی تجارت و ترسیل میں آسانی ہوگی۔
کابینہ وزیر جاوید احمد رانا نے بتایا کہ اجلاس میں پی پی پی ماڈل کے تحت ترقی پانے والے بجلی منصوبوں کیلئے درکار زمین، زرعی و میوہ منڈیوں اور سبسڈیری انٹیلیجنس بیورو سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا، جبکہ بعض ترقیاتی پروموشن کیسز پیش ہوئے۔






