بہار کے ضلع سیوان کے دو کمسن مدرسہ طلبہ کی لاشیں پڑوسی ضلع گوپال گنج سے برآمد ہونے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دونوں بچے 23 نومبر سے لاپتہ تھے۔ اس معاملے میں ایک متوفی طالب علم محمد زید کے والد محمد اسلم نے تحریری شکایت درج کراتے ہوئے چار افراد، ستیندر پانڈے، جیوتی بھوشن پانڈے، آشو سنگھ اور پریتم پانڈے کو نامزد کیا ہے۔
پولیس کے مطابق، 23 نومبر کو سیوان کے بڑہریا علاقے میں تیتہلی بازار کے ایک مدرسے کے پانچ طلبہ چندہ جمع کرنے کے لیے ای رکشا کے ذریعے گوپال گنج گئے تھے۔ واپسی کے دوران بنگرا گاؤں کی پانڈے ٹولی کے قریب ان کا رکشا خراب ہو گیا۔ اسی دوران بعض طلبہ قریبی گنے کے کھیت میں گئے، جہاں مبینہ طور پر گنا توڑنے کے معاملے پر مقامی افراد نے ان کا تعاقب کیا۔
اس واقعے کے بعد ہنگامہ آرائی ہوئی اور پانچ طلبہ میں سے دو، محمد زید اور اشرف علی، لاپتہ ہو گئے، جبکہ باقی تین بچوں کو واپس مدرسے پہنچا دیا گیا۔
دونوں لاپتہ بچوں کی تلاش کے لیے پولیس نے ڈرون کیمروں اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی مدد لی۔ تلاش کے دوران 25 نومبر کو 14 سالہ محمد زید کی لاش گوپال گنج کے تھاوے تھانہ علاقے میں بنگرا پانڈے ٹولی کے قریب ایک تالاب کے پاس سے برآمد ہوئی۔
اس کے اگلے روز، 26 نومبر کو 13 سالہ اشرف علی کی لاش بھی اسی علاقے میں ایک اینٹوں کے بھٹے کے قریب ملی۔ دونوں بچوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد بچوں کے اہل خانہ نے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ محمد زید کے والد کی شکایت میں چار افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ تاہم دونوں بچوں کی موت کے اصل اسباب اور واقعے میں نامزد افراد کے کردار کا تعین تحقیقات کے بعد ہی ہو سکے گا۔







