Tuesday, October 27, 2026 | 15 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • برین اسٹروک کی علامات کو نظر انداز نہ کریں بروقت علاج زندگی بچا سکتا ہے

برین اسٹروک کی علامات کو نظر انداز نہ کریں بروقت علاج زندگی بچا سکتا ہے

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 27 Oct 2026

برین اسٹروک کی علامات کو نظر انداز نہ کریں بروقت علاج زندگی بچا سکتا ہے
برین اسٹروک ایک ایسی سنگین طبی حالت ہے جس میں دماغ کے کسی حصے تک خون کی فراہمی رک جاتی ہے یا دماغ کی کسی خون کی نالی سے خون بہنے لگتا ہے۔ایسی صورت میں دماغی خلیات کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور مریض کو مستقل معذوری کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے تاہم بروقت اسپتال پہنچنے اور مناسب علاج سے کئی مریضوں کی جان بچائی جا سکتی ہے اور معذوری کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔
 
اسی اہم موضوع پر منصف ٹی وی کے خصوصی پروگرام ہیلتھ اور ہم میں برین اسٹروک کی علامات بچاؤ اور بروقت علاج کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی گئی اس موقع پر ڈاکٹر نوین مہروترا ایم بی بی ایس ایم ایس جنرل سرجری اور ایم سی ایچ نیورو سرجری کنسلٹنٹ نیورو سرجن نے اس بیماری کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
 
برین اسٹروک کی ابتدائی علامات کیا ہیں؟
  • برین اسٹروک کی علامات اکثر اچانک ظاہر ہوتی ہیں
  • چہرے کا ایک طرف ڈھلک جانا بازو یا ٹانگ میں اچانک کمزوری یا سن ہونا بولنے میں دشواری بات سمجھنے میں مشکل اچانک نظر دھندلانا توازن بگڑنا یا شدید چکر آنا اس کی اہم علامات ہو سکتی ہیں۔
  • بعض صورتوں میں اچانک شدید سر درد بھی خطرے کی علامت ہوتا ہے۔
  • ماہرین کے مطابق اگر کسی شخص میں یہ علامات ظاہر ہوں تو انہیں معمولی سمجھ کر انتظار نہیں کرنا چاہیے چاہے کچھ دیر بعد علامات بہتر ہی کیوں نہ ہو جائیں۔
 
فوری طبی امداد کیوں ضروری ہے
برین اسٹروک میں ہر منٹ اہم ہوتا ہے کیونکہ علاج میں تاخیر دماغ کو ہونے والے نقصان میں اضافہ کر سکتی ہے۔
اسٹروک کی دو اہم اقسام ہیں پہلی قسم میں دماغ کو خون پہنچانے والی نالی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے جبکہ دوسری قسم میں دماغ کے اندر خون بہنے لگتا ہے۔
 
دونوں صورتوں کا علاج مختلف ہوتا ہے اسی لیے اسپتال میں فوری معائنہ اور دماغ کی ضروری جانچ انتہائی اہم ہے۔
کچھ مریضوں میں مخصوص وقت کے اندر خون کا لوتھڑا ختم کرنے والی دوا یا جدید طریقہ علاج کے ذریعے رکاوٹ دور کی جا سکتی ہے تاہم اس کا فیصلہ مریض کی حالت اور طبی جانچ کے مطابق کیا جاتا ہے۔
 
کن افراد کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے
بلڈ پریشر ذیابیطس کولیسٹرول کی زیادتی تمباکو نوشی موٹاپا جسمانی سرگرمی کی کمی اور دل کی بعض بیماریاں برین اسٹروک کے خطرے کو بڑھا سکتی ہیں۔
 
بلڈ پریشر اور شوگر کو قابو میں رکھنا متوازن غذا اختیار کرنا باقاعدہ ورزش کرنا تمباکو نوشی سے بچنا اور ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق ادویات استعمال کرنا اس خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
 
منصف ٹی وی کے پروگرام ہیلتھ اور ہم کا مقصد صحت سے متعلق اہم مسائل پر عوام میں شعور بیدار کرنا اور لوگوں کو بروقت طبی رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دینا ہے۔یاد رکھیں برین اسٹروک کی علامات ظاہر ہونے پر فوراً ایمرجنسی طبی امداد حاصل کریں اور خود سے علاج کرنے میں وقت ضائع نہ کریں۔
 
قارئین آپ ماہر نیورو لوجسٹ، کنسلٹنٹ نیورو سرجن ڈاکٹرنوین مہروترا، کی مکمل بات چیت یہاں👇دیکھ سکتےہیں۔
 
 

اس علاوہ منصف ٹی وی ہیلتھ پر کیسی بھی بیماری سے متعلق ماہر ڈاکٹرز کے ویڈیوز بھی دیکھ سکتے ہیں۔ جو آپ کی اور آپ کے خاندان اور دوست احباب کو صحت  مند رکھنے میں مفید ثابت ہو سکتےہیں۔