Friday, October 16, 2026 | 04 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • کانپور میں ہوم گارڈ بھرتی کے میڈیکل پر ہنگامہ، رشوت کے الزام میں 3 افراد حراست میں

کانپور میں ہوم گارڈ بھرتی کے میڈیکل پر ہنگامہ، رشوت کے الزام میں 3 افراد حراست میں

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Md Shahbaz | Last Updated: 16 Oct 2026

کانپور میں ہوم گارڈ بھرتی کے میڈیکل پر ہنگامہ، رشوت کے الزام میں 3 افراد حراست میں
کانپور میں ہوم گارڈ کی بھرتی کے لیے ہونے والے طبی معائنے کے دوران اس وقت ہنگامہ برپا ہو گیا جب امیدواروں نے الزام لگایا کہ انہیں ’’میڈیکلی فٹ‘‘ قرار دینے کے بدلے رقم مانگی جا رہی ہے۔ امیدواروں نے ایک شخص کو ڈاکٹر کی گاڑی سے باہر نکال کر اس کے ساتھ مارپیٹ کی اور بعد میں اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں بھی امیدواروں کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تصدیق ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق، امیدواروں سے نقد رقم اور آن لائن ٹرانسفر کے ذریعے پیسے مانگے جا رہے تھے۔ معاملے میں دو ڈاکٹروں سمیت تین افراد کو پوچھ تاچھ  کے لیے حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ دو دیگر مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
 
جمعرات کو کانپور پولیس لائنز کے میدان میں ہوم گارڈ بھرتی کے لیے میڈیکل ٹیسٹ جاری تھا۔ تقریباً 200 امیدوار اس عمل میں شامل تھے اور طبی معائنے کے لیے تین ڈاکٹروں پر مشتمل پینل بنایا گیا تھا۔ امیدواروں کا الزام تھا کہ انہیں ناک کی ہڈی ٹیڑھی ہونے یا نظر کمزور ہونے جیسے مسائل کی بنیاد پر ’’ان فٹ‘‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ میڈیکلی فٹ قرار دینے کے بدلے 15 ہزار سے 50 ہزار روپے تک مانگے جا رہے تھے۔
 
احتجاج کرنے والے امیدواروں کے مطابق، ابتدائی طور پر صرف 10 سے 20 امیدواروں کا مناسب طریقے سے معائنہ کیا گیا، جس کے بعد تقریباً 70 امیدواروں کو ان فٹ قرار دے دیا گیا۔ شام تک صورتحال کشیدہ ہوگئی اور امیدواروں نے ریزرو پولیس لائنز میں احتجاج شروع کر دیا۔ اسی دوران ایک شخص کو ڈاکٹر کی گاڑی میں موجود دیکھ کر امیدواروں نے اسے باہر نکالا اور اس پر رشوت لینے میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے مارپیٹ کی، جس کے بعد اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
 
ہنگامے کے دوران پولیس نے امیدواروں سے کہا کہ اگر کسی نے میڈیکلی فٹ قرار پانے کے لیے رقم دی ہے تو وہ سامنے آ کر اس کی اطلاع دے۔ پولیس نے یہ بھی کہا کہ تحقیقات میں الزامات درست ثابت ہونے کی صورت میں رقم دینے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔ اسی دوران میڈیا کے نمائندوں کے موقع پر پہنچنے پر امیدواروں نے ایک گاڑی کی طرف اشارہ کیا۔ کوتوالی کے SHO ارون کمار بھی وہاں پہنچے۔ ان کا الزام تھا کہ امیدواروں نے گاڑی سے ایک بیگ نکالا ہے۔ اس معاملے میں SHO نے ایک امیدوار کو تھپڑ بھی مارا۔
 
ہنگامے کے بعد ہوم گارڈ کمانڈنٹ پریتی شرما نے بھرتی کے لیے جاری طبی معائنے کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ امیدواروں کے لیے میڈیکل ٹیسٹ کی نئی تاریخ جلد جاری کی جائے گی۔پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حراست میں لیے گئے افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ رشوت کے الزامات سے متعلق حتمی صورتحال تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوگی۔