Monday, November 09, 2026 | 28 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • پارلیمنٹ کو غیر معینہ مدت کےلئےملتوی رکھنے کامودی حکومت نے بنایا ریکارڈ: کانگریس کا دعویٰ

پارلیمنٹ کو غیر معینہ مدت کےلئےملتوی رکھنے کامودی حکومت نے بنایا ریکارڈ: کانگریس کا دعویٰ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 09 Nov 2026

 پارلیمنٹ کو غیر معینہ مدت کےلئےملتوی رکھنے کامودی حکومت  نے بنایا ریکارڈ: کانگریس کا دعویٰ
 پارلیمنٹ کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے ہوئے 88 دن گزر چکے ہیں، مگر تاحال اسے باضابطہ طور پر معطل نہیں کیا گیا۔ یہ دعویٰ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے کیا، جنہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تفصیلی پوسٹ کے ذریعے معاملے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آج اس تاخیر نے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
 
ان کے مطابق مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور نے 19 اکتوبر 2026 کو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کو لکھے گئے خط میں حوالہ دیا تھا کہ 2008 کے مانسون اجلاس کو 87 دن تک باضابطہ طور پر معطل نہیں کیا گیا تھا، مگر اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے اور غیر معمولی حالات کی وجہ سے ایسا کیا گیا تھا، جب کہ موجودہ صورتحال میں ایسی کوئی ہم آہنگی یا وضاحت سامنے نہیں آئی۔
 
کانگریس کا کہنا ہے کہ باضابطہ معطلی میں غیر معمولی تاخیر محض تکنیکی مسئلہ نہیں بلکہ اس کے سنگین سیاسی مضمرات ہو سکتے ہیں۔ جئے رام رمیش کے مطابق یہ ریکارڈ اس لیے بنایا جا رہا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ کو لوک سبھا میں کسی طرح دو تہائی اکثریت کا ماحول میسر آ سکے تاکہ وہ مبینہ طور پر خطرناک اور تباہ کن حد بندی بلوں کو منظور کرا سکیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ 17 اپریل 2026 کو متحدہ اپوزیشن نے حکومت کے ایسے ہی منصوبوں کو فیصلہ کن انداز میں روک دیا تھا، اور اگر حکومت پھر وہی بلڈوزر طرزِ عمل اپناتی ہے تو اپوزیشن جماعتیں دوبارہ متحد ہو کر اسے ناکام بنائیں گی۔
 
جئے رام رمیش نے اپنی پوسٹ میں پارلیمنٹ کے مستند دستورالعمل پریکٹس اینڈ پروسیجر آف پارلیمنٹ کے آٹھویں ایڈیشن کا بھی حوالہ دیا، جو کول اینڈ شکدھر کے نام سے معروف ہے اور 2024 کے وسط میں وزیر اعظم کے پیغام کے ساتھ شائع ہوا۔ ان کے مطابق اس کتاب کے صفحہ 192 میں واضح کیا گیا ہے کہ لوک سبھا کو غیر معینہ ملتوی کیے جانے اور باضابطہ معطلی کے درمیان عموماً 2 سے 4 دن کا وقفہ ہوتا ہے، جب کہ حاشیہ نمبر 53 میں سب سے طویل وقفے کی مثال 2015 کے مانسون اجلاس سے دی گئی ہے جو زیادہ سے زیادہ 28 دن رہی۔ کانگریس لیڈر نے سوال اٹھایا کہ اگر 2008 میں 87 دن کا وقفہ رہا تھا تو پھر اس نمایاں نظیر کا اندراج اس مستند حوالہ جاتی متن میں کیوں موجود نہیں، اور اس خامی کی کیا وجہ ہو سکتی ہے۔
 
معاملے کی سنگینی پر زور دیتے ہوئے کانگریس نے اس عمل کو محض تاخیری حربہ قرار دیا ہے۔ پارٹی کا موقف ہے کہ جب تک اجلاس باضابطہ معطل نہیں ہوتا، حکومت کے پاس یہ موقع رہتا ہے کہ وہ خصوصی یا مختصر نوعیت کے اجلاس بلا کر ایوانی کاروائی کو اپنی سہولت کے مطابق آگے بڑھائے۔ اسی تناظر میں جئے رام رمیش نے اندیشہ ظاہر کیا کہ حکومت اچانک خصوصی اجلاس طلب کر کے حد بندی سے متعلق بل پیش کر سکتی ہے، جس کے وسیع سیاسی اثرات پڑیں گے۔
 
کانگریس کے مطابق شفافیت کا مطالبہ یہ ہے کہ کسی بھی حد بندی تجویز پر قانون سازی سے پہلے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ تفصیلی اور کھلا تبادلۂ خیال ہو۔ جئے رام رمیش نے بتایا کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے گزشتہ 6 ماہ میں وزیر اعظم کو 4 خط لکھ کر یہی مطالبہ دہرا چکے ہیں کہ آل پارٹی میٹنگ فوری بلائی جائے، مگر اس اپیل کو مسلسل نظر انداز کیا گیا۔