بیلجیم اور لکسمبرگ میں ڈیلہائز کی تقریباً 40 شاخیں نشانے پر
خوراک خراب ہونے کا خدشہ، حملہ آوروں کی شناخت تاحال سامنے نہیں آئی
یورپ کے سات ممالک میں درجنوں سپرمارکیٹوں کو نشانہ بنانے والے ایک منظم سائبر حملے نے تشویش پیدا کر دی ہے۔ اس حملے کے نتیجے میں سپرمارکیٹوں کے فریج اور فریزر کا نظام متاثر ہوا، جس سے ان میں رکھی غذائی اشیا کے خراب ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اس سائبر حملے کا سب سے زیادہ اثر بیلجیم اور لکسمبرگ میں دیکھنے کو ملا، جہاں ڈیلہائز سپرمارکیٹ کی تقریباً 40 شاخیں متاثر ہوئیں۔ اس کے علاوہ سویڈن، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، ایسٹونیا اور فن لینڈ کی بعض دکانیں بھی اس حملے کی زد میں آئیں۔ متعلقہ کمپنیوں کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران سامنے آیا، تاہم حملے کا درست وقت اور اس کے پیچھے موجود مشتبہ افراد یا گروہ کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
فریج کو ڈی فراسٹ موڈ پر منتقل کیا گیا
بیلجیم کی ریفریجریشن کمپنی سابکوبل نے تصدیق کی ہے کہ یہ ایک باقاعدہ سائبر حملہ تھا۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اسٹیفن موئلینز نے پیر کو بیلگا نیوز ایجنسی کو بتایا کہ حملہ آوروں نے فریج کے ایواپوریٹرز کو ڈی فراسٹ موڈ پر منتقل کر دیا تھا۔ اس کے نتیجے میں درجہ حرارت بڑھنے لگا اور ٹھنڈا رکھنے کا نظام متاثر ہوا۔ ان کے مطابق کمپنی نے رات بھر اور پھر صبح سے اپنی ٹیموں کو متحرک رکھا۔ مزید نقصان سے بچنے کے لیے متاثرہ آلات کو نیٹ ورک سے الگ کر دیا گیا، تاکہ حملے کو دوسرے آلات تک پھیلنے سے روکا جا سکے۔
فرانس کے سپرمارکیٹوں پر حملے جیسا طریقہ
موجودہ سائبر حملے کا طریقہ اکتوبر کے آغاز میں فرانس کے سیکڑوں سپرمارکیٹوں پر ہونے والے حملے سے ملتا جلتا بتایا جا رہا ہے۔ اس وقت مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق لاکھوں یورو مالیت کی غذائی اشیا ضائع کرنے پڑے تھیں۔ تاہم یورپ میں حالیہ حملے کے نتیجے میں ہونے والے مالی نقصان یا خراب ہونے والی خوراک کی مقدار کے بارے میں ابھی کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔ اسٹیفن موئلینز کے مطابق فرانس میں حملوں کے بعد سابکوبل نے اپنے صارفین کے ریفریجریشن سسٹم کو سائبر خطرات سے محفوظ بنانے کی کوششیں تیز کر دی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کافی نہیں تھیں، بلکہ آلات میں کچھ ضروری ہارڈویئر تبدیلیاں بھی کرنا پڑیں، کیونکہ کمزور سکیورٹی سیٹنگز اور کھلے پورٹس کے ذریعے حملہ آور ریموٹ رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
انٹرنیٹ سے منسلک فریج بھی سائبر حملوں کا نشانہ
یورپ کے بیشتر سپرمارکیٹوں میں فریج اور فریزر انٹرنیٹ سے منسلک ہوتے ہیں، تاکہ ان کی دور سے نگرانی کی جا سکے اور خرابی کی صورت میں فوری مرمت ممکن ہو۔ لیکن اگر ان آلات کی سکیورٹی مضبوط نہ ہو تو یہی سہولت سائبر حملہ آوروں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسے حملوں سے نہ صرف خوراک ضائع ہونے کا خدشہ ہے بلکہ صارفین کی سلامتی اور کاروباری سرگرمیوں کا تسلسل بھی متاثر ہو سکتا ہے۔






