Saturday, November 14, 2026 | 03 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • پارلیمنٹ سکیورٹی خلاف ورزی کیس: منورنجن ڈی اور ساگر شرما کی ضمانت دوسری بار مسترد

پارلیمنٹ سکیورٹی خلاف ورزی کیس: منورنجن ڈی اور ساگر شرما کی ضمانت دوسری بار مسترد

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 14 Nov 2026

پارلیمنٹ سکیورٹی خلاف ورزی کیس: منورنجن ڈی اور ساگر شرما کی ضمانت دوسری بار مسترد

دہلی کی خصوصی عدالت نے 12 نومبر کو پارلیمنٹ کی سکیورٹی میں 2023 کی مبینہ خلاف ورزی کے مقدمے میں گرفتار منورنجن ڈی اور ساگر شرما کی ضمانت کی درخواستیں دوسری بار نامنظور کردیں۔ یہ فیصلہ اسپیشل ایکسکلوزیو کورٹ (این آئی اے ایکٹ، یو اے پی اے) کی جج کرن بنسل نے سنایا، جنہوں نے قرار دیا کہ ریکارڈ پر موجود مواد سے بادی النظر میں الزامات درست دکھائی دیتے ہیں، اس لیے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون یو اے پی اے کی دفعہ 43ڈی(5) کے تحت ضمانت پر قانونی ممانعت عائد ہوتی ہے۔

عدالت کے مطابق استغاثہ کے بیانات اور دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمان نے ایک ایسے منظرنامے کی منصوبہ بندی کی جس سے دہشت جیسا ماحول بنے اور کارروائیوں میں خلل پڑے، اور یہ سب ایک ایسی مخصوص تاریخ کے لیے ترتیب دیا گیا جو 2001 کی پارلیمنٹ حملے کی برسی سے مماثلت رکھتی تھی۔

کیس کا پس منظر 13 دسمبر 2023 کے اس واقعے سے جڑا ہے جب منورنجن ڈی اور ساگر شرما لوک سبھا کی کاروائی کے دوران عوامی گیلری سے کود کر ایوان میں داخل ہوئے اور اپنے جوتوں میں چھپائے گئے رنگین دھواں چھوڑنے والے کینسٹرز چلا دیے، جس سے کاروائی معطل ہوئی اور ارکان پارلیمنٹ سمیت موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اسی وقت شریک ملزمان نیلم رنولیا اور امول شندے نے عمارت کے باہر بھی ایسے ہی دھویں کے کینسٹرز چھوڑے اور نعرے لگائے۔ دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے اسے پارلیمنٹ کی کاروائی میں رخنہ ڈالنے کی ایک بڑے سازشی منصوبے کا حصہ قرار دیتے ہوئے یو اے پی اے اور تعزیری دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔

عدالتی حکم میں کہا گیا کہ دفعات 161 اور 164 ضابطہ فوجداری کے تحت گواہان کے بیانات اس امر کی تائید کرتے ہیں کہ ملزمان نے پیشگی نشستیں کیں جن میں مبینہ دہشت گردی ایکٹ کی مکمل منصوبہ بندی پر گفتگو ہوئی۔ عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ملزمان کو خالصتان نواز گرپت وانت سنگھ پنوں کی جانب سے ہندوستانی پارلیمنٹ کو نشانہ بنانے کی دھمکی کے بارے میں علم تھا۔ عدالت کے الفاظ میں، واقعے کے فوراً بعد پارلیمنٹ کے دہشت زدہ مناظر تمام نیوز چینلز پر نشر ہورہے تھے۔