Saturday, November 28, 2026 | 17 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • سونا اور چاندی کی قیمتوں میں اچھال ۔ چاندی 8300روپئے کلو اور سونا 3100 روپے فی 10 گرام مہنگا

سونا اور چاندی کی قیمتوں میں اچھال ۔ چاندی 8300روپئے کلو اور سونا 3100 روپے فی 10 گرام مہنگا

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 27 Nov 2026

 سونا اور چاندی کی قیمتوں  میں اچھال  ۔ چاندی 8300روپئے کلو اور سونا 3100 روپے فی 10 گرام مہنگا

دہلی کی کموڈیٹی منڈیوں میں آج جمعہ کو قیمتی دھاتوں نے مضبوط واپسی کی۔ کئی روز سے جاری بھاری گراوٹ کے بعد نچلی سطحوں پر خریداری اور شارٹ کورنگ کے باعث سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اچھال دیکھا گیا۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ بنیادی طور پر تکنیکی بحالی سے جڑا ہوا ہے، تاہم امریکی معیشت کے مضبوط اعداد و شمار اور فیڈرل ریزرو کے سخت مؤقف کے سبب دسمبر میں شرح سود بڑھنے کے خدشات برقرار ہیں، جو آئندہ تیزی کو محدود کر سکتے ہیں۔

ایم سی ایکس پر دسمبر ڈیلیوری والا سونا آج 2028 روپے کے اضافے سے 1،24،300 روپے فی 10 گرام پر کھلا۔ کاروبار کے دوران اس میں مجموعی طور پر 3100 روپے یا 2.6 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا اور قیمت تقریباً 1،25،400 روپے فی 10 گرام تک پہنچ گئی، جب کہ دن میں 1،25،410 روپے کی بلند ترین سطح چھوئی۔ اس سے پہلے گزشتہ سیشن میں بند قیمت 1،22،272 روپے فی 10 گرام رہی تھی۔ حالیہ گراوٹ کے بعد سونا اپنی ریکارڈ سطح سے خاصا نیچے آگیا تھا، جس پر سرمایہ کاروں نے کم قیمتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خریداری بڑھا دی۔

دوسری جانب چاندی میں سونے کے مقابلے زیادہ زور دار بحالی نظر آئی۔ ایم سی ایکس پر دسمبر ڈیلیوری والی چاندی گزشتہ بند بھاؤ 1،45،843 روپے فی کلوگرام کے مقابلے 5833 روپے اضافے سے 1،51،676 روپے پر کھلی، بعد ازاں اس میں 5.70 فیصد یعنی تقریباً 8300 روپے کا اضافہ ہوا اور قیمت 154150 روپے کے آس پاس دیکھی گئی، جب کہ انٹرا ڈے میں 1،54،251 روپے کی چوٹی بنی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فروخت کے پچھلے دور میں چاندی کی گراوٹ نسبتاً زیادہ تھی، اسی لیے بحالی بھی زیادہ تیز رہی۔

بین الاقوامی بازار میں بھی رجحان مثبت رہا۔ کامیکس پر سونا تقریباً 3659 ڈالر فی اونس اور چاندی 44.10 ڈالر فی اونس کے قریب ٹریڈ کرتی دکھائی دی۔ ڈالر کی قدر میں نرمی اور ٹیکنالوجی شیئروں کی کارکردگی بہتر رہنے سے سرمایہ کاروں کا رسک ایپیٹائٹ بڑھا، جس کا فائدہ قیمتی دھاتوں کو ملا۔ تکنیکی طور پر کامیکس گولڈ کے لیے 3630 سے 3660 ڈالر اہم سپورٹ اور 3730 سے 3760 ڈالر پہلی بڑی مزاحمتی حدود مانی جا رہی ہیں، جب کہ چاندی کے لیے 43.50 سے 44 ڈالر اہم رکاوٹ سمجھی جا رہی ہے، جس کے عبور ہونے پر تیزی مضبوط ہو سکتی ہے۔

گھریلو محاذ پر ایم سی ایکس گولڈ کے لیے 1،26،300 سے 1،27،000 روپے اور چاندی کے لیے 1،56،000 سے 1،58،000 روپے کی سطحیں نمایاں مزاحمتی زون کے طور پر دیکھی جا رہی ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ اچھال تکنیکی ریباؤنڈ ہے، مگر اگر عالمی اشارے سازگار رہے، خام تیل کی قیمتوں میں بے چینی معتدل ہوئی اور ڈالر کمزور رہا تو رفتار میں مزید تقویت آ سکتی ہے۔ اس دوران مشرق وسطیٰ میں سپلائی خدشات کے سبب برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی میں تیزی اور روپے کی معمولی کمزوری نے بھی گھریلو قیمتوں کو سہارا دیا۔