Tuesday, November 03, 2026 | 22 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • خواتین میں کینسر سے بچاؤ اور بروقت تشخیص سے علاج کی کامیابی کے امکانات میں اضافہ

خواتین میں کینسر سے بچاؤ اور بروقت تشخیص سے علاج کی کامیابی کے امکانات میں اضافہ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 03 Nov 2026

خواتین میں کینسر سے بچاؤ اور بروقت تشخیص سے علاج کی کامیابی کے امکانات میں اضافہ
 
کینسر ایک ایسا مرض ہے جس کا نام سنتے ہی اکثر خواتین اور ان کے گھر والوں میں خوف پیدا ہوجاتا ہے تاہم طبی سائنس میں ہونے والی ترقی نے کینسر کی کئی اقسام کے علاج کو پہلے سے زیادہ مؤثر بنا دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق کینسر کی بروقت تشخیص علاج کے بہتر نتائج حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی صحت کے حوالے سے بیدار رہیں اور جسم میں ہونے والی غیر معمولی تبدیلیوں کو نظر انداز نہ کریں
 
اسی اہم موضوع پر منصف ٹی وی کے خصوصی پروگرام ہیلتھ اور ہم میں ڈاکٹر نویا مانسا وی میڈیکل آنکولوجی اور بون میرو ٹرانسپلانٹ فزیشن اور کنسلٹنٹ میڈیکل آنکولوجسٹ کیمس سن شائن ہاسپٹلس بیگم پیٹ حیدرآباد نے خواتین میں کینسر کی آگاہی ابتدائی تشخیص اور علاج کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی
 
خواتین میں کینسر کی عام اقسام
خواتین میں بریسٹ کینسر اور سروائیکل کینسر زیادہ توجہ طلب ہیں جبکہ رحم اور بیضہ دانی کے کینسر بھی خواتین کو متاثر کرسکتے ہیں۔ ان بیماریوں کی علامات ہر خاتون میں مختلف ہوسکتی ہیں اس لیے کسی ایک علامت کی بنیاد پر کینسر کی تشخیص نہیں کی جاسکتی۔بریسٹ میں گلٹی محسوس ہونا اس کی ساخت یا شکل میں تبدیلی نپل سے غیر معمولی رطوبت خارج ہونا یا جلد میں تبدیلی ایسی علامات ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ اسی طرح ماہواری کے علاوہ خون آنا یا مینوپاز کے بعد خون آنا بھی طبی معائنے کا تقاضا کرتا ہے۔
 
ابتدائی تشخیص کیوں ضروری ہے
کینسر کی ابتدائی مرحلے میں شناخت ہونے سے علاج کے زیادہ مؤثر ہونے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ خواتین کو اپنی عمر اور طبی تاریخ کے مطابق اسکریننگ ٹیسٹ کروانے چاہئیں۔ بریسٹ کینسر کی اسکریننگ کے لیے میموگرافی جبکہ سروائیکل کینسر کی جانچ کے لیے پیپ ٹیسٹ اور ایچ پی وی ٹیسٹ استعمال کیے جاتے ہیں۔یہ بات بھی اہم ہے کہ ہر کینسر کی علامات واضح نہیں ہوتیں اور بعض اوقات بیماری ابتدائی مرحلے میں بغیر کسی خاص علامت کے موجود ہوسکتی ہے۔
 
جدید علاج سے نئی امید
کینسر کا علاج اس کی قسم اسٹیج اور مریضہ کی مجموعی صحت کے مطابق کیا جاتا ہے۔ کیموتھراپی ریڈیوتھراپی سرجری ٹارگٹڈ تھراپی اور امیونو تھراپی علاج کے اہم طریقوں میں شامل ہیں۔ بعض مخصوص خون کے کینسر میں بون میرو یا اسٹیم سیل ٹرانسپلانٹ کی ضرورت بھی پیش آسکتی ہے۔ماہرین کا مشورہ ہے کہ خواتین متوازن غذا مناسب جسمانی سرگرمی تمباکو سے پرہیز اور باقاعدہ طبی معائنے کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ سروائیکل کینسر سے بچاؤ میں ایچ پی وی ویکسین بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
 
منصف ٹی وی کے پروگرام ہیلتھ اور ہم کا مقصد صحت سے متعلق اہم مسائل پر عوام میں شعور بیدار کرنا اور مستند طبی معلومات عام کرنا ہے۔ کینسر کے خلاف آگاہی اور بروقت تشخیص خواتین کی صحت مند زندگی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ 
 
قارئین آپ ڈاکٹر نویا مانسا وی کی مکمل گفتگو یہاں👇دیکھ سکتے ہیں۔ اس کےعلاوہ منصف ٹی وی ہیلتھ پرصحت سے جڑے  ہزاروں ویڈیوز کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔