پاک بھارت بزنس کونسل کے چیئرمین کے مطابق،سال 2019 میں بھارت کے ساتھ تجارت معطل ہونے کی وجہ سے پاکستان کو اندازاً 40 بلین ڈالر کا معاشی نقصان ہوا ہے، جس میں کاروباری اداروں کو زیادہ دور کی منڈیوں سے اشیا درآمد کرنے پر مجبور ہونے کے بعد زیادہ سورسنگ اور لاجسٹک اخراجات کا سامنا ہے۔
نور محمد قصوری نے کہا کہ متعدد رپورٹس کے مطابق،پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد تجارتی تعلقات میں خلل اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی نے پاکستانی کاروباروں کے لیے نقل و حمل کے اخراجات، فریٹ چارجز اور ڈیلیوری کے اوقات میں اضافہ کر دیا ہے جو پہلے بھارت سے درآمدات پر انحصار کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل انڈسٹری کا انحصار بھارت سے حاصل ہونے والے خام مال پر ہے اور اس کا اندازہ ہے کہ پڑوسی ملک سے درآمدات دوبارہ شروع کرنے سے سالانہ 2 سے 3 بلین ڈالر کی بچت ہو سکتی ہے۔
دریں اثنا، کپاس کی مقامی پیداوار میں کمی نے ٹیکسٹائل سیکٹر پر 5 بلین ڈالر کے اضافی اخراجات عائد کیے، جب کہ ملوں کو برازیل، مصر، چین اور امریکہ سے کپاس منگوانے پر مجبور کیا گیا۔روایتی کپاس اگانے والے علاقوں میں کسان تیزی سے گنے کی طرف بڑھ رہے ہیں، جو مستقبل میں بحران کو مزید سنگین کر سکتا ہے۔
قصوری نے مزید کہا کہ پاکستان ان شعبوں میں ہندوستان کی خاطر خواہ پیداواری صلاحیت کے باوجود چینی، کھاد، سیمنٹ، پٹرولیم مصنوعات، آئرن اور سٹیل، سبزیاں اور بھاری مشینری دور دراز کی منڈیوں سے درآمد کر رہا ہے۔دوطرفہ تجارت کی بحالی سے نقل و حمل کے اخراجات کم ہو سکتے ہیں، سپلائی چین بہتر ہو سکتے ہیں اور پٹرولیم کی درآمدات سستی ہو سکتی ہیں کیونکہ بھارتی آئل ریفائنریز جغرافیائی طور پر پاکستان کے قریب ہیں۔ ہندوستانی زرعی اور صنعتی مصنوعات کئی کاروباروں کے لیے پیداواری لاگت کو کم کر سکتی ہیں۔
پاکستان نے ہندوستانی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد کھو دی، جو مذہبی اور تاریخی مقامات کے ساتھ ساتھ اپنے آبائی گھروں اور دیہاتوں کی سیر کرتے تھے۔انہوں نے کہا، "پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور خاندانی تعلقات ہیں، جو بہتر تعلقات کی بنیاد فراہم کر سکتے ہیں۔"قصوری نے مشکل وقت میں بامعنی علاقائی اقتصادی تعاون کی مثال کے طور پر سری لنکا کے معاشی بحران کے دوران ہندوستان کی مالی مدد کی طرف اشارہ کیا۔






