حیدرآباد کے علاقے بچو پلی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس کے سیپٹک ٹینک کی صفائی کے دوران 3 صفائی کارکن دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ سانحہ منگل 24 نومبر کو پیش آیا جب ایک نجی ایجنسی کا کارکن ٹینک کی صفائی کے لیے اندر اترا اور کچھ ہی دیر بعد سانس گھٹنے اور کیچڑ میں دھنسنے سے مدد کے لیے چیخنے لگا۔ اس کی آواز سن کر اس کے 2 ساتھی اسے بچانے کےلئے اسی ٹینک میں اترے، مگر وہ بھی گہرے کیچڑ میں پھنس گئے اور آکسیجن کی کمی کے باعث باہر نہ نکل سکے۔
مہلوکین کی شناخت سمن، سریش اور پون کے طورپر کی گئی ہے۔ موقع پر موجود ایک پولیس افسر کے مطابق ٹینک میں صرف ایک مین ہول تھا، جس کی وجہ سے اندر موجود افراد کے لیے باہر نکلنے کا راستہ محدود ہوگیا اور وہ بروقت خود کو محفوظ مقام تک نہ پہنچا سکے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ساتھی کارکن کی فریاد سن کر قریبی لوگ مدد کے لیے دوڑے اور ریسکیو کی کوشش کی، مگر سیپٹک ٹینک کی گہرائی، بدبو اور زہریلی گیسوں کے اخراج نے امدادی سرگرمیوں کو انتہائی مشکل بنا دیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، صورتحال کا جائزہ لیا، لاشوں کو باہر نکلوایا اور ضابطے کی کاروائی کے ساتھ تحقیقات شروع کر دیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اموات کی وجہ مشتبہ دم گھٹنا، یعنی ایسفی شی ایشن بتائی جا رہی ہے، جبکہ اصل حالات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم نے بھی تکنیکی معاونت فراہم کی۔
حکام نے کہا کہ ایسے حادثات میں مناسب حفاظتی کٹس، گیس ڈیٹیکٹرز، وینٹی لیشن اور ریسکیو رسیوں کے بغیر ٹینک میں اترنا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے عمارتوں کے منیجمنٹ کو معیاری طریقہ کار پر سختی سے عمل کرنا چاہیے۔ پولیس نے نجی ایجنسی اور اپارٹمنٹ انتظامیہ سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ کیا حفاظتی تقاضے پورے کیے گئے تھے یا نہیں، اور اگر غفلت ثابت ہوئی تو قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ہلاک افراد کے اہل خانہ کو قانونی مدد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔






