اقوامِ متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت، عالمی عدالتِ انصاف نے میانمار کی سکیورٹی فورسز کوسال 2017 کی کاروائیوں میں روہنگیا آبادی کے خلاف ’نسلی قتل عام کا مجرم قرار دیا۔ عدالت کے صدر یو جی ایواسوا نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ میانمار کی افواج نے کم از کم 10,000 روہنگیا شہریوں کو ہلاک کیا، وسیع پیمانے پر جنسی تشدد کیا، بچوں کے خلاف انتہائی سفاکانہ تشدد روا رکھا اور بڑی تعداد میں بنگلہ دیش کی جانب فرار ہوتے روہنگیا پر حملے کیے۔ یہ فیصلہ اس فوجی کریک ڈاؤن سے متعلق ہے جس کے نتیجے میں 730,000 سے زیادہ روہنگیا، جو اکثریت میں مسلمان ہیں، ریاستِ رخائن سے نکل کر پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔
یہ مقدمہ مغربی افریقی ملک گیمبیا نے 2019 میں دائر کیا تھا۔ گیمبیا نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ وہ قرار دے کہ میانمار نے 1948 کے کنونشن برائے انسدادِ نسل کشی کی خلاف ورزی کی، غیرقانونی کارروائیاں فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا جائے اور ذمہ داران کو سزا دلانے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ عدالت کے سربراہ نے سماعت کے دوران مخصوص واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ متعدد مواقع پر میانمار کی ریاستی فورسز کا طرزِ عمل نسلی قتل عام کے ارادے کی عکاسی کرتا ہے۔
میانمار کی حکومت نے اپنے مؤقف میں کہا کہ کارروائیاں اراکان روہنگیا سیلویشن آرمی کے مبینہ حملوں کے ردِعمل میں شروع کی گئیں اور اس کا مقصد دہشت گردی سے نمٹنا تھا، تاہم عدالت کے سامنے پیش کردہ شواہد، متاثرین کے بیانات، سیٹلائٹ تصاویر، اقوامِ متحدہ کی رپورٹس اور بین الاقوامی تنظیموں کی دستاویزات نے بڑے پیمانے پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے واقعات کی تصدیق کی۔ فیصلے میں کہا گیا کہ عورتوں اور بچیوں کے خلاف منظم جنسی تشدد، بستیاں جلانا، اجتماعی قتل اور فرار ہوتے شہریوں پر فائرنگ جیسے افعال کسی قانونی جواز میں نہیں آتے۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا میں اب بھی 1.3 ملین سے زائد روہنگیا بے گھر ہیں، جن میں سے تقریباً 1.2 ملین بنگلہ دیش کے ضلع کاکس بازار کے وسیع پناہ گزین کیمپوں میں مقیم ہیں جہاں بھیڑ، محدود وسائل، تعلیمی و صحت سہولیات کی کمی اور موسمی آفات کے خطرات نے زندگی مزید کٹھن بنا رکھی ہے۔ تنازعہ، امداد میں کمی اور سمندر کے راستے خطرناک سفر اس برادری کو مسلسل عدمِ تحفظ میں دھکیلے ہوئے ہیں اور انسانی سمگلروں کے ہاتھوں استحصال کے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔
عدالت کے اس فیصلے سے بین الاقوامی قانون کے تحت واضح پیغام گیا ہے کہ نسلی یا مذہبی بنیادوں پر ہونے والے جرائم ناقابلِ قبول ہیں۔ قانونی ماہرین کے مطابق آئندہ مرحلے میں عدالت میانمار کو مخصوص عبوری اور طویل مدتی اقدامات پر عمل درآمد کا پابند بنا سکتی ہے، جن میں متاثرہ آبادی کا تحفظ، شفاف تحقیقات، ثبوتوں کے تحفظ اور مجرموں کے احتساب کا نظام شامل ہوگا۔ اگرچہ عالمی عدالتِ انصاف کی عمل درآمدی قوت رکن ممالک کے تعاون اور سلامتی کونسل کی سیاسی حمایت سے مشروط رہتی ہے، تاہم یہ فیصلہ متاثرین کے لیے انصاف کی سمت ایک سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے اور علاقائی سطح پر امن و استحکام کی بحالی کے لیے ایک اہم موقع بھی قرار دیا جا رہا ہے۔






