مرکزی حکومت نے خواتین کے لیے 33فیصد ریزرویشن اور نئی حد بندی سے متعلق مجوزہ قانون سازی کا خاکہ پیش کر دیا ہے جو لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کی نشستوں میں 50فیصداضافے، حلقہ بندی کے از سرِ نو تعین اور نشستوں کی تقسیم کو طویل مدت تک منجمد رکھنے جیسے بڑے اقدامات پر مشتمل ہے۔ یہ پیکیج، جسے مرکزی کابینہ نے منظوری دے دی ہے، بھارت کے انتخابی ڈھانچے میں آئندہ برسوں کے لیے دور رس تبدیلیوں کی راہ ہموار کرتا ہے اور 2029 کے عام انتخابات سے پہلے نیا حلقہ جاتی نقشہ تیار کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔ حکومت کا موقف ہے کہ اس قدم کا مقصد نمائندگی میں وسعت، علاقائی توازن اور خواتین کی سیاسی شمولیت میں نمایاں اضافہ کرنا ہے۔
مجوزہ فریم ورک کے مطابق لوک سبھا کی زیادہ سے زیادہ نشستیں 550 سے بڑھا کر 850 کی جائیں گی، جبکہ ریاستی اسمبلیوں کی مجموعی بالائی حد 650 مقرر کرنے کی سفارش ہے۔ اتر پردیش میں، جو ملک کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست ہے، اسمبلی نشستیں موجودہ 403 سے بڑھا کر 650 کرنے کی تجویز ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ خواتین کے لیے ایک تہائی ریزرویشن لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں دونوں پر لاگو ہوگا، جس میں درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے لیے مخصوص نشستوں میں خواتین کا حصہ بھی شامل ہوگا۔ یہ ریزرویشن 15 سال یعنی تین انتخابی مدت تک برقرار رہے گا اور مخصوص حلقے باقاعدہ وقفوں سے گھمائے جائیں گے تاکہ موقع کی مساوی تقسیم یقینی بن سکے۔
پیکیج میں دو آئینی ترمیمی بل اور ایک مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے متعلق ترمیمی بل شامل ہیں۔ آئین میں 131ویں ترمیم کا مجوزہ بل ریاست وار نشستوں کی تقسیم سے متعلق ہے اور اس میں 1971 کی مردم شماری کو ریاستوں کے درمیان نشستوں کی حصے داری کی بنیاد برقرار رکھنے کی تجویز ہے۔ اسی کے ساتھ 132ویں آئینی ترمیم، 2026، حلقہ جاتی حد بندی اور نقشہ نو سیٹ کرنے کے لیے 2011 کی مردم شماری کے اعداد و شمار استعمال کرنے کی راہ ہموار کرتی ہے۔ حد بندی (سیکنڈ) بل، 2026، ہر ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لیے لوک سبھا کی مختص نشستوں میں 50% اضافہ اور ریاستی اسمبلیوں کی مجموعی تعداد میں اضافے کی دفعات رکھتا ہے۔ اسی بل کی دفعہ 10 میں خواتین کے لیے مخصوص ریزرویشن کی خصوصی شقیں شامل کی گئی ہیں۔
مرکز نے یہ بھی طے کیا ہے کہ خواتین کے کوٹے کے نفاذ کو 2026 کی مردم شماری سے منسلک نہیں کیا جائے گا بلکہ 2011 کے اعداد و شمار کی بنیاد پر حد بندی کی جائے گی، جبکہ ریاست وار نشستوں کی تقسیم کے لیے 1971 کی بنیاد کو برقرار رکھا جائے گا۔ ایک نئی حد بندی کمیشن پارلیمان کی منظوری کے بعد قائم کیا جائے گا جو دو برس میں حلقہ بندی کا عمل مکمل کرنے کی کوشش کرے گا، تاکہ 2029 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے نیا نقشہ نافذ العمل ہو سکے۔







