Wednesday, November 25, 2026 | 14 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • یومِ آئین سے قبل جئے رام رمیش نے امبیڈکر کی تاریخی تقریر کو کیا یاد، جمہوریت کے پانچ بنیادی اصولوں کا ذکر

یومِ آئین سے قبل جئے رام رمیش نے امبیڈکر کی تاریخی تقریر کو کیا یاد، جمہوریت کے پانچ بنیادی اصولوں کا ذکر

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 25 Nov 2026

یومِ آئین سے قبل جئے رام رمیش نے امبیڈکر کی تاریخی تقریر کو کیا یاد، جمہوریت کے پانچ بنیادی اصولوں کا ذکر

ملک بھر میں کل 26 نومبر کو یومِ آئین منایا جائے گا۔ اس موقع سے ایک روز قبل کانگریس کے جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی اس تاریخی تقریر کو یاد کیا، جو انہوں نے 25 نومبر 1949 کو دستور ساز اسمبلی میں آئین کے مسودے کو حتمی منظوری کے مرحلے تک پہنچانے کے موقع پر کی تھی۔

جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ 77 سال قبل کی گئی یہ تقریر بیسویں صدی کے ہندوستان کی سب سے اہم، بااثر اور یادگار تقاریر میں شمار ہوتی ہے۔ ان کے مطابق اسی تقریر کے ساتھ آئین کی منظوری کا آخری مرحلہ مکمل ہوا تھا اور اگلے روز اس کے نفاذ کی راہ ہموار ہوئی تھی۔

جئے رام رمیش نے ڈاکٹر امبیڈکر کی تقریر کے پانچ بنیادی نکات بھی بیان کیے۔

پہلے نکتے میں انہوں نے کہا کہ دستور ساز اسمبلی میں کانگریس کی مضبوط موجودگی نے کارروائی میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور بدنظمی کے خدشات کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جس سے آئین کی تیاری کا عمل بہتر انداز میں آگے بڑھا۔

دوسرے نکتے کے تحت انہوں نے امبیڈکر کے اس انتباہ کو یاد کیا کہ نئی قائم ہونے والی جمہوریت کے لیے یہ خطرہ ہمیشہ موجود رہتا ہے کہ وہ بظاہر جمہوری نظام دکھائی دے، لیکن عملی طور پر آمریت میں تبدیل ہو جائے۔ اس خطرے سے بچنے کے لیے سماجی اور معاشی مقاصد کے حصول کی خاطر آئینی طریقوں پر سختی سے عمل کرنا ضروری ہے۔

تیسرے نکتے میں شخصیت پرستی کے خطرات کی نشاندہی کی گئی۔ جئے رام رمیش کے مطابق امبیڈکر نے کہا تھا کہ مذہب میں عقیدت روحانی نجات کا ذریعہ ہو سکتی ہے، لیکن سیاست میں شخصیت پرستی زوال اور بالآخر آمریت کا راستہ ہموار کرتی ہے۔

چوتھے نکتے میں سیاسی جمہوریت کو سماجی جمہوریت میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس کا مطلب آزادی، مساوات اور اخوت کو ایک دوسرے سے جڑے ہوئے بنیادی اصولوں کے طور پر تسلیم کرنا ہے، کیونکہ ان میں سے کسی ایک کو دوسرے سے الگ کرنے سے جمہوریت کا مقصد متاثر ہوتا ہے۔

پانچویں نکتے میں امبیڈکر کے اس خدشے کا ذکر کیا گیا کہ 26 جنوری 1950 سے ملک میں سیاسی مساوات تو قائم ہو جائے گی، لیکن سماجی اور معاشی زندگی میں نابرابری برقرار رہ سکتی ہے۔ اس تضاد کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ایک شخص، ایک ووٹ اور ایک ووٹ، ایک قدر کے اصول کو عملی زندگی میں بھی یقینی بنایا جائے۔

جئے رام رمیش نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی یہ تاریخی تقریر آج بھی زندہ و جاوید ہے اور اس میں پیش کیے گئے جمہوری اصولوں کی اہمیت ہمیشہ برقرار رہے گی۔