جامعہ ملیہ اسلامیہ (JMI) نے تعلیمی سال 2026-27 کے لیے اوپن اینڈ ڈسٹنس لرننگ (ODL) اور آن لائن لرننگ (OL) کے ذریعے 13 ایک سالہ پوسٹ گریجویٹ (PG) پروگرامز شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ان پروگرامز میں ماسٹر آف آرٹس (MA)، ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (MBA) اور ماسٹرز آف کامرس (M.Com) شامل ہیں۔ ان 13 پروگرامز میں 11 ایم اے، ایک ایم بی اے اور ایک ایم کام پروگرام شامل ہے۔ یہ پروگرام ہیومینٹیز، سماجی علوم، تعلیم اور مینجمنٹ سمیت مختلف شعبوں سے متعلق ہیں۔
ایک سالہ ایم اے پروگرام 11 مضامین میں پیش کیا جائے گا۔ ان میں تعلیم، انگریزی، جغرافیہ، ہندی، تاریخ، ہیومن ریسورس مینجمنٹ، اسلامی مطالعات، سیاسیات، پبلک ایڈمنسٹریشن، سماجیات اور اردو شامل ہیں۔ باقی دو پروگرام بزنس اور مینجمنٹ کے شعبے سے متعلق ہیں، جن میں ایم بی اے اور ایم کام شامل ہیں۔ یہ تمام پروگرام جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سینٹر فار ڈسٹنس اینڈ آن لائن ایجوکیشن (CDOE) کے ذریعے پیش کیے جائیں گے۔
یونیورسٹی کے جاری کردہ دفتری ہدایت نامے کے مطابق، اس معاملے کو اکیڈمک کونسل، یعنی مجلسِ تعلیمی، کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ یہ ہدایت نامہ رجسٹرار محمد مہتاب عالم رضوی کی جانب سے جاری کیا گیا۔ ہدایت نامے میں وائس چانسلر کی جانب سے کیے گئے اس اقدام کو اکیڈمک کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا ذکر کیا گیا ہے۔
یونیورسٹی نے ڈین، ڈائریکٹرز، شعبہ جات کے سربراہان اور دیگر متعلقہ عہدیداروں کو بھی اس فیصلے کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ سی ڈی او ای کے ڈائریکٹر کو منظور شدہ پروگرامز کے نفاذ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
داخلے کے خواہشمند طلبہ کو پروگرامز اور داخلے سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی آفیشل ویب سائٹ اور CDOE کے داخلہ پورٹل کو باقاعدگی سے دیکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ 2026-27 کے لیے CDOE کا داخلہ پورٹل فعال کیا جا چکا ہے اور داخلے سے متعلق توسیعی نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔






