Monday, November 23, 2026 | 12 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا نیپال کی ترقی کے لیے 24,000 کروڑ نیپالی روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان

وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا نیپال کی ترقی کے لیے 24,000 کروڑ نیپالی روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 23 Nov 2026

وزیر اعظم نریندر مودی  نے کیا  نیپال کی ترقی کے لیے 24,000 کروڑ نیپالی روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان

نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو نیپال کے وزیر اعظم بالیندرہ شاہ کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے نیپال کی سیلاب سے ہوئی تباہی کی بحالی اور طویل مدتی ترقی کے لیے 24,000 کروڑ نیپالی روپے کے ترقیاتی تعاون پیکیج کا اعلان کیا۔ یہ اعلان حیدرآباد ہاؤس میں وفد کی سطح کے مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس بیان میں کیا گیا، جہاں مودی نے اگست میں نیپال میں آنے والے شدید سیلاب سے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مشکل وقت میں کھٹمنڈو کے ساتھ کھڑے رہنے کے ہندوستان کے عزم کی توثیق کی۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہمارا مقصد متاثرہ خاندانوں کی زندگیاں دوبارہ پٹری پر لانا، نئی معاشی و سماجی مواقع پیدا کرنا اور نیپال کی آئندہ آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم بالیندرہ شاہ کو، جنہوں نے چند ماہ قبل اقوام متحدہ میں دنیا کے کم عمر ترین وزیر اعظم کی حیثیت سے خطاب کیا تھا، مدبر اور واضح وژن کا حامل قرار دیا اور کہا کہ اس برس نیپالی عوام کی جانب سے انہیں دیا گیا تاریخی مینڈیٹ نئی نسل کی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔

اس موقع پر دونوں قائدین نے دوطرفہ تعلقات کو قریبی رشتہ داری اور ناقابلِ شکست بھروسے پر استوار قرار دیا اور تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے متعدد فیصلوں کا اعلان کیا۔ ہندوستان اور نیپال کے درمیان خلا، سلامتی تربیت، سیول سروس کی استعداد کار میں اضافہ، صحت، روایتی طب، پائیدار شہری ترقی اور زراعت کے شعبوں میں کل 8 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ خلا اور مواصلات کے تحت اسرو اور نیپال کی وزارت اطلاعات و مواصلات نے جنوبی ایشیا سیٹلائٹ کے استعمال کے لیے سیٹ کام نیٹ ورک کے قیام پر مفاہمت کی۔

پولیسنگ اور فرانزک تعاون کے لیے گاندھی نگر کے نیشنل فورینسک سائنسز یونیورسٹی اور نیپال پولیس کے سی آئی ڈی کے درمیان تعلیمی و تحقیقی اشتراک، اور ہندوستان کی راشٹریہ رکشا یونیورسٹی اور نیپال کی نیشنل پولیس اکیڈمی کے درمیان معاہدے طے پائے۔ حکمرانی کی مضبوطی کے لیے ہندوستان کے نیشنل سنٹر فار گڈ گورننس اور نیپال کے ایڈمنسٹریٹو اسٹاف کالج نے نیپالی سیول سرونٹس کی استعداد بڑھانے کے پروگرام پر مفاہمت کی۔ صحت کے میدان میں دونوں ممالک نے صحت و طب میں تعاون اور آیوروید و دیگر روایتی نظم ہائے طب میں سرکاری سطح کے معاہدات کیے، جب کہ پائیدار شہری ترقی اور مال مویشی و ماہی پروری میں تکنیکی تعاون پر بھی دستخط ہوئے۔

دونوں وزرائے اعظم نے سرحد پار ربط، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے 6 بڑے منصوبوں کا مشترکہ افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔ ثقافتی اور ریل رابطے کو تقویت دینے کے لیے اَیودھیا اور جنکپور کو ملانے والی سریو۔کملہ ایکسپریس ریل سروس کا آغاز کیا گیا۔