وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں قائدِ اپوزیشن راہل گاندھی کے اس بیان پر سخت ردِعمل ظاہر کیاہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان اقتصادی تباہی کی سمت بڑھ رہا ہے۔ وزیراعظم نے جمعرات کو نئی دہلی کے ہندوستان منڈپم میں فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صد سالہ جشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12-13 برس میں تقریباً 50 کروڑ ہندوستانی غربت کی لکیر سے اوپر آچکے ہیں، جو ملک کی مستحکم اور جامع اقتصادی پیش رفت کی ٹھوس دلیل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اعداد و شمار عالمی اداروں کی تازہ رپورٹس سے تقویت پاتے ہیں۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ اس وقت ہندوستان دنیا کی تیز ترین ترقی کرنے والی بڑی معیشت کے طور پر برقرار ہے اور رواں مالی سال کے لیے شرحِ نمو تقریباً 7 فیصد رہنے کا اندازہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2026 میں ہندوستان کی اشیائے برآمدات تقریباً 50 بلین ڈالر تک پہنچیں، جو اب تک کی بلند ترین ماہانہ کارکردگی ہے۔ مودی کے مطابق موڈیز، ایس اینڈ پی، فِچ، عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک جیسے ادارے ہندوستان کی ترقیاتی پیش گوئیوں میں مسلسل بہتری لا رہے ہیں، جس سے اعتماد کا عالمی ماحول مضبوط ہوا ہے۔
غربت میں کمی کے متعلق وزیراعظم نے عالمی بینک کی تازہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صرف 12-13 برس کے عرصے میں 50 کروڑ لوگ غربت سے نکلے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 1970 کی دہائی میں کانگریس نے “گریبی ہٹاؤ” کا نعرہ دیا تھا، جب ملک کی آبادی بھی تقریباً 50 کروڑ تھی، مگر اس وقت پالیسی سقم اور سیاسی عزم کی کمی کے باعث مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہوسکے۔ مودی نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت نے ہدفی فلاحی اسکیموں، شمولیتی ترقی اور اصلاحات کے ذریعے ثابت کیا ہے کہ درست حکمتِ عملی اور مضبوط ارادے سے غربت کم کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان نے ماضی میں لائسنس-کوٹا راج جیسی اقتصادی پالیسیوں کے سبب سنگین مشکلات جھیلیں اور ایک دور میں ملک کو دنیا کی کمزور معیشتوں یعنی “فریجائل فائیو” میں شمار کیا جاتا تھا، لیکن گزشتہ 12 برس میں نوجوانوں، کسانوں، مزدوروں اور صنعتکاروں کی مشترکہ کوششوں سے حالات بدل گئے ہیں اور معیشت زیادہ مضبوط، لچکدار اور برآمدات پر مبنی سمت اختیار کرچکی ہے۔
اس سے قبل نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی میں ایک پروگرام کے دوران راہل گاندھی نے کہا تھا کہ ہندوستان معاشی بحران کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بڑھتی ہوئی بے روزگاری، مینوفیکچرنگ شعبے کی مشکلات اور تعلیم کے نظام میں رکاوٹوں کو سنگین چیلنج قرار دیا تھا۔ انہی نکات کے جواب میں وزیراعظم مودی نے ایف آئی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے اقتصادی نمو، برآمدات کی ریکارڈ کارکردگی اور غربت میں کمی کے سرکاری اور بین الاقوامی شواہد پیش کیے۔
مودی نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کا محور روزگار کی افزائش، بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری، چھوٹے کاروباروں کی تقویت، ڈیجیٹل ادائیگیوں کی توسیع، اور فلاحی اسکیموں کی براہِ راست فراہمی ہے تاکہ رساؤ کم ہو اور مستحقین تک فائدہ بلاواسطہ پہنچے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ جاری اصلاحات، عالمی اعتماد اور کارپوریٹ شراکت کے امتزاج سے ہندوستان آئندہ برسوں میں مسلسل بلند شرحِ نمو برقرار رکھے گا۔ انہوں نے صنعتکاروں سے کہا کہ سرمایہ کاری، جدت اور برآمدات میں اضافہ کریں تاکہ روزگار کے مواقع تیزی سے پیدا ہوں اور معیشت کی رفتار مزید تیز ہو۔







