وشاکھا پٹنم میں منعقدہ 31ویں سی آئی آئی پارٹنرشپ سمٹ میں حیدرآباد کی اسٹوری ٹیلنگ اور کھلونوں کی اسٹارٹ اپ کمپنی نمستے ورلڈ نے جمعرات کو آندھرا پردیش حکومت کے ساتھ ہاتھ کرگہوں اور ٹیکسٹائلز کے شعبے میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت کرنول اور وشاکھا پٹنم میں پائیدار ملبوسات، ہینڈلوم اور کھلونوں کی مینوفیکچرنگ کے مراکز قائم کیے جائیں گے، جن میں مجوزہ سرمایہ کاری ₹36.24 کروڑ رکھی گئی ہے۔ کمپنی کی شریک بانی بھوما مونیکا منچو اور اداکار و صنعت کار منچو منوج کی قیادت میں یہ منصوبہ ایک مربوط اور پائیدار پیداوار ی ماحولیاتی نظام کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے، جس میں جولاہے کی بنائی کوئی حصہ ضائع نہیں جاتا؛ ہینڈلوم کپڑا لباس بنتا ہے اور بچ جانے والا مواد گڑیا اور سوفٹ ٹائز میں استعمال ہوتا ہے۔
منصوبے کے بارے میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق دونوں مجوزہ مراکز میں تقریباً 950 براہِ راست ملازمتیں اور سپلائی چین، لاجسٹکس اور معاون خدمات کے ذریعے 100 بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ دستخطی تقریب سمٹ کے موقع پر ہوئی، جہاں ادارے نے اپنی کھلونوں کی کلیکشن مرکزی وزیر تجارت و صنعت شری پیوش گوئل کو پیش کی اور انہوں نے کمپنی کا کیلنڈر بھی لانچ کیا۔
نمستے ورلڈ کی بانی اور سی ای او بھوما مونیکا منچو نے کہا کہ ان کا وژن ہندوستان کے شاندار ثقافتی ورثے اور روایتی دستکاری کو عصرِ حاضر کی عالمی سطح پر قابلِ قبول کاروباری شکل دینا ہے۔ ان کے مطابق سیاسی گھرانے میں پروان چڑھنے کے باعث وہ جانتی ہیں کہ حکمرانی، سرکاری ادارے اور سماجی شراکت داری کس طرح کسی تصور کو عملی شکل دیتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ شراکت داری ہنرمندوں باخصوص جولاہوں کے بااختیار بنانے، پائیدار مینوفیکچرنگ کے مواقع پیدا کرنے اور آندھرا پردیش کے ہینڈلوم، ٹیکسٹائل اور کھلونوں کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی کی ریٹیل شراکت داری پہلے ہی ریلاینس برانڈز کے ساتھ قائم ہے اور اب آندھرا پردیش حکومت کے ساتھ بھی اشتراک عمل شروع ہوگیا ہے۔
شریک بانی اور چیف انوویشن آفیسر منچو منوج نے کہا کہ فلم اور تفریح ہمیشہ سے ثقافت پر اثرانداز ہونے، برادریوں کو جوڑنے اور نئی امنگیں پیدا کرنے کی قوت رکھتے ہیں، اور تخلیقی صنعتیں کہانی سنانے سے آگے بڑھ کر معاشی مواقع کے طاقتور انجن بن سکتی ہیں۔ ان کے مطابق نمستے ورلڈ کے ذریعے تخلیقی صلاحیت، ٹیکنالوجی اور انٹرٹینمنٹ کو روایتی صنعتوں کی اعانت، نئی معاش پیدا کرنے اور “میڈ اِن آندھرا پردیش” کو عالمی شناخت دینے کے لیے برتا جائے گا۔ ان کے مطابق ایٹیکوپاکا اور کونڈاپلّی کھلونوں میں اے آئی اور روبوٹکس لانے کے لیے وہ سرکردہ ٹیکنالوجی کمپنیوں سے رابطے میں ہیں۔
مرکزی وزیر پیوش گوئل نے نمستے ورلڈ کے “لوکل ٹو گلوبل” رخ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گہرے ہندوستانی عناصر کو عالمی ذوق کے قابل صورت دینا قابلِ قدر ہے، خصوصاً مقامی کھلونوں کے ذریعے کہانی سنانے کی حکمتِ عملی۔ ان کے بقول روایتی کھلونے اور ثقافتی بیانیے عالمی منڈیوں میں ہندوستان کی پہچان کے موثر سفیر بن سکتے ہیں۔







