آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم)کے صدر اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ بیرسٹراسدالدین اویسی نے ہفتہ 28 نومبر کو مجوزہ تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ کے اجلاس کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور موجودہ ترکیب کے تحت اجلاس بلانے کی قانونی حیثیت پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں۔
اویسی نے یہ نمائندگی تلنگانہ کے چیف منسٹر کے دفتر اور چیف سکریٹری کو ارسال کی، جس میں انہوں نے نشاندہی کی کہ موجودہ وقف بورڈ سنہ 2022 میں 11 ارکان پر مشتمل تشکیل دیا گیا تھا، جن میں 6 منتخب، 4 نامزد اور بقیہ زمرے کے رکن شامل تھے۔ ان کے مطابق 8 اپریل 2025 سے نافذ العمل ہونے والے امید ایکٹ 2025 کی دفعہ 14 یہ مطالبہ کرتی ہے کہ وقف بورڈ کے تمام ارکان ریاستی حکومت نامزد کرے، لہٰذا ترمیم شدہ قانون کے مطابق نئی ترکیب کے ساتھ نیا بورڈ تشکیل دیا جانا ضروری ہے۔
بیرسٹر اویسی نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ بورڈ میں صرف منتخب ارکان اپنی معیاد پوری ہونے تک برقرار رہ سکتے ہیں، جب کہ نامزد ارکان اپنے عہدے خالی سمجھیں جائیں گے، اور عملاً اس وقت صرف 2 منتخب ارکان ہی جاری رکھنے کے اہل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف 2 اہل ارکان کے ساتھ اجلاس بلانا ترمیم شدہ دفعہ 14 کی روح کے منافی ہوگا اور پوری کاروائی کو کالعدم قرار دے سکتا ہے، لہٰذا ایسے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں، سمیت ان فیصلوں کے جن میں ان ارکان کی شمولیت ہو جن کی رکنیت ختم ہوچکی ہے, کو کوئی قانونی یا پابند قوت حاصل نہیں ہوگی۔
اسی پس منظر میں بیرسٹر اویسی نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ ہفتہ کے اجلاس کو فی الفور مؤخر کیا جائے اور قانون میں ترمیم کے مطابق نیا وقف بورڈ فوری تشکیل دیا جائے تاکہ انتظامی تسلسل قانونی بنیادوں پر بحال ہو۔ بتایا جارہا ہے کہ مجوزہ اجلاس میں رنگا ریڈی ضلع کےایلور شریف میں تقریباً 1,248 ایکڑ وقف اراضی کے سرکاری حصول کے منصوبے پر غور متوقع تھا، جس کے حساس اثرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اویسی نے آئینی مطابقت کو پہلی ترجیح دینے کی دلیل دی۔







