صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو 21 دسمبر کو حیدرآباد کا دورہ کریں گیں۔ وہ پرو فیسر جے شنکر تلنگانہ ایگری کلچرل یونیورسٹی کے جلسۂ تقسیمِ اسناد میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کریں گیں۔ یہ اطلاع یونیورسٹی کے وائس چانسلر ایلڈاس جنئیہ نے جمعہ کو ایک بیان میں دی۔ انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ کی شرکت کی توثیق رسمی تقاضوں کی تکمیل کے بعد موصول ہوئی ہے۔
ان کے مطابق ستمبر میں یونیورسٹی نے گورنر اور چانسلر شیور پرتاپ شکلا کی منظوری کے ساتھ صدرِ جمہوریہ کو مدعو کیا تھا، اور ادارے کی 60 سالہ علمی خدمات کے جائزے اور گزشتہ 3 برسوں میں ہوئی نمایاں پیش رفت کے پیشِ نظر ایوانِ صدر نے اس دعوت کو قبول کیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ تقریب حیدرآباد میں مرکزی کیمپس کے کنوکیشن ہال میں منعقد ہوگی، جہاں اساتذہ، طلبہ، فارغین اور معزز مہمان بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔
وائس چانسلر نے بتایا کہ تقریب میں صدرِ جمہوریہ ڈگری اسناد اپنے دستِ مبارک سے عطا کریں گیں، جن میں 40 پی ایچ ڈی اسکالرز، 100 پوسٹ گریجویٹ اور 1000 انڈر گریجویٹ طلبہ شامل ہیں جنہوں نے تعلیمی سال 2025–26 میں اپنے پروگرام مکمل کیے ہیں۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی دکھانے والے 17 طلبہ کو سونے کے تمغے بھی دیے جائیں گے۔ مزید یہ کہ یونیورسٹی معروف بین الاقوامی زرعی سائنس دان منگل لال جات، جو اس وقت انڈین کاؤنسل آف ایگری کلچرل ریسرچ کے ڈائریکٹر جنرل ہیں، کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کرے گی۔
وائس چانسلر نے اپنی گفتگو میں یونیورسٹی کے درخشاں ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چھ دہائیوں میں یہاں کے جلسوں میں ممتاز سائنس دانوں کے ساتھ ساتھ ملک کے صدور، وزرائے اعظم اور وزرائے اعلیٰ نے بھی شرکت کی۔ سن 1969 میں اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی، 1971 میں سابق صدر وی وی گری اور 1972 میں اُس وقت کے وزیر اعلیٰ پی وی نرسمہا راؤ یہاں کے کنوکیشن میں آئے تھے، جبکہ متحدہ آندھرا پردیش کے سابق وزرائے اعلیٰ جے وینگلا راؤ، مری چنّہ ریڈی اور وائی ایس راج شیکھر ریڈی بھی مختلف ادوار میں مہمان رہے ہیں۔
وی سی کے مطابق صدرِ جمہوریہ کی اس سطح پر شرکت تقریباً 55 برس بعد ہورہی ہے، جو اساتذہ، اسٹاف اور طلبہ کے لیے غیر معمولی اعزاز اور حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی اور ریاست میں زرعی تحقیق و تعلیم کے فروغ کی علامت سمجھی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی بار یونیورسٹی کی تاریخ میں ایک غیر معمولی باصلاحیت طالب علم کو وائی ایس آر-کے وی پی فاؤنڈیشن کی جانب سے 1 لاکھ روپے نقد انعام سونے کے تمغے کے ساتھ دیا جائے گا، تاکہ نئی نسل کو جدت اور تحقیق کی طرف مزید مائل کیا جاسکے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا کہ سکیورٹی، مہمان نوازی اور پروٹوکول کے تمام انتظامات حکومتِ تلنگانہ اور مرکزی ایجنسیوں کے اشتراک سے مکمل کیے جارہے ہیں، اور شرکت کرنے والے طلبہ و والدین کے لیے رہنمائی، رجسٹریشن اور نشستوں کی تخصیص کے اقدامات پیشگی طے کر دیے گئے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ کنوکیشن ریاست بھر کے زرعی اداروں میں تحقیق، توسیعی خدمات اور اختراعات کے نئے اہداف طے کرنے کا موقع فراہم کرے گا، جبکہ صدرِ جمہوریہ کی موجودگی مستقبل کے لیے تعلیمی معیار اور سماجی ذمہ داری کے عزم کو مزید مضبوط کرے گی۔







