کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی آج، 19 ستمبر کو مدھیہ پردیش کے اندور کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام میں طلبہ اور نوجوانوں سے براہِ راست گفتگو کریں گے۔ یہ پروگرام ریجنل پارک کے قریب واقع اندور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے میدان میں منعقد کیا جائے گا۔پروگرام کے دوران راہل گاندھی طلبہ اور نوجوانوں کے مسائل سنیں گے اور تعلیم، روزگار، بھرتی کے امتحانات، پیپر لیک اور مستقبل سے متعلق ان کے خدشات پر بات کریں گے۔
کانگریس کے مطابق اس مہم کا مقصد طلبہ کو اپنی بات رکھنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے بھی پروگرام کو طلبہ اور نوجوانوں سے جڑے مسائل کو اجاگر کرنے کا ذریعہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تعلیم اور روزگار کے درمیان تعلق، امتحانات میں شفافیت اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع جیسے معاملات پر حکومت سے جواب طلب کیا جانا چاہیے۔
راہل گاندھی کا ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام پہلے 12 ستمبر کو اندور کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں منعقد کیا جانا تھا۔ تاہم، اسٹیڈیم کے استعمال کی اجازت نہ ملنے کے بعد پروگرام کو 19 ستمبر تک ملتوی کر دیا گیا۔ کانگریس کی جانب سے اس سلسلے میں ریاستی حکومت سے اجازت بھی طلب کی گئی تھی۔ بعد میں پروگرام کے لیے ریجنل پارک کے قریب واقع میدان کا انتخاب کیا گیا۔ اندور ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے کانگریس کو اس مقام پر پروگرام منعقد کرنے کی اجازت دے دی۔ رپورٹس کے مطابق پروگرام کے لیے تقریباً 12 ہزار مربع میٹر زمین عارضی طور پر فراہم کی گئی ہے۔
’چھاتروں کی گونج‘ مہم کے تحت راہل گاندھی اس سے قبل کوٹا، دہرادون، پریاگ راج اور پونے میں بھی طلبہ اور نوجوانوں سے متعلق پروگراموں میں شرکت کر چکے ہیں۔ اندور کا پروگرام اس سلسلے کی پانچویں کڑی ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے کانگریس تعلیم، روزگار، امتحانات اور نوجوانوں کے مستقبل سے متعلق مسائل کو سیاسی بحث کا حصہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ راہول گاندھی کا اندور دورہ بھی اسی مہم کے تحت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔






