Thursday, November 26, 2026 | 15 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • راجستھان میں ضلع پریشد چیئرمین کے انتخابات میں بڑا الٹ پھیر، اکثریت کے باوجود بیاور میں بی جے پی کو شکست

راجستھان میں ضلع پریشد چیئرمین کے انتخابات میں بڑا الٹ پھیر، اکثریت کے باوجود بیاور میں بی جے پی کو شکست

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 25 Nov 2026

راجستھان میں ضلع پریشد چیئرمین کے انتخابات میں بڑا الٹ پھیر، اکثریت کے باوجود بیاور میں بی جے پی کو شکست
راجستھان میں ضلع پریشدوں کے چیئرمین کے انتخابات کے دوران بڑا سیاسی اپ سیٹ سامنے آیا ہے۔ بیاور ضلع میں واضح اکثریت رکھنے کے باوجود بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ کانگریس کی امیدوار ممتا گوجر نے کراس ووٹنگ کے ذریعے کامیابی حاصل کر لی۔
 
بیاور ضلع پریشد میں مجموعی طور پر 27 اراکین ہیں، جن میں سے 14 نشستیں بی جے پی کے پاس تھیں۔ اس کے باوجود ووٹنگ کے دوران بعض اراکین کی جانب سے پارٹی کا ساتھ چھوڑنے کے نتیجے میں کامیابی کانگریس کے حصے میں آئی۔
 
یہ انتخابات منگل کے روز ریاست کے مختلف اضلاع میں بیک وقت منعقد کیے گئے، جن کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ریاست کے 37 اضلاع میں چیئرمین کے عہدوں کے لیے انتخابی عمل جاری ہے۔ ان میں سے دوسہ، سوائی مادھوپور اور جیسلمیر میں کانگریس کے امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔
 
جیسلمیر میں 21 سالہ سنتوش کماری بلا مقابلہ ضلع پریشد کی چیئرمین منتخب ہوئی ہیں۔ وہ درج فہرست قبائلی طبقے سے تعلق رکھتی ہیں، بارہویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہے اور غیر شادی شدہ ہیں۔ سنتوش کماری کانگریس کے ٹکٹ پر وارڈ نمبر 21 سے ضلع پریشد کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔ اس انتخاب میں انہوں نے بی جے پی کی امیدوار لکشمی کو 6,137 ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی تھی۔
 
بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہونے کے بعد سنتوش کماری نے جیسلمیر کے عوام اور کانگریس قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضلع کی ترقی کے لیے تمام منتخب نمائندوں کو ساتھ لے کر چلیں گی۔ ان کی ترجیحات میں خواتین کی تعلیم کو فروغ دینا اور انہیں خودکفیل بنانا شامل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ عوام کی جانب سے دیے گئے اعتماد پر پورا اترنے کی پوری کوشش کریں گی۔ ادھر جیسلمیر میں ان کی کامیابی پر کانگریس کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور آتش بازی کر کے جشن منایا۔
 
بیکانیر میں بی جے پی کے امیدوار نے انتخاب سے اپنا نام واپس لے لیا، تاہم کانگریس کے ایک باغی رہنما نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے پرچہ داخل کر دیا ہے۔ سیاسی حلقوں میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بی جے پی اس باغی امیدوار کی حمایت کر سکتی ہے۔
 
دوسری جانب ریاستی دارالحکومت جے پور میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان براہِ راست مقابلہ جاری ہے۔ یہاں کانگریس کو دو تہائی سے زیادہ اکثریت حاصل ہے، اس کے باوجود مقابلہ دلچسپ بنا ہوا ہے۔ کانگریس کے یشویر سورا اور بی جے پی کے راجیش گوجر ایک دوسرے کے مدِمقابل ہیں، جبکہ کانگریس اپنی کامیابی کے بارے میں پُراعتماد نظر آ رہی ہے۔