Saturday, November 28, 2026 | 17 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • آئی پی ایل 2027: روہت شرما دوبارہ ممبئی انڈینز کے کپتان مقرر

آئی پی ایل 2027: روہت شرما دوبارہ ممبئی انڈینز کے کپتان مقرر

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 27 Nov 2026

آئی پی ایل 2027: روہت شرما دوبارہ ممبئی انڈینز کے کپتان مقرر

روہت شرما آ نے والےآئی پی ایل سیزن 2027 کے لیے ایک بار پھرممبئی انڈینز ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے۔ ممبئی انڈینز نے جمعہ 27 نومبر کو جاری کردہ بیان میں تصدیق کی ہے کہ 39 سالہ روہت، ہاردک پانڈیا کی جگہ آئی پی ایل 2027 میں  ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ یہ فیصلہ اس پس منظر میں سامنے آیا کہ اکتوبر میں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق ہاردک کے فرنچائز میں مستقبل پر غیریقینی بڑھ رہی تھی اور روہت کی واپسی زیر غور تھی۔ بعد ازاں ہاردک پانڈیا، ارشدیپ سنگھ کے تبادلے کے تحت پنجاب کنگز منتقل ہوگئے، جس سے روہت کے لیے راہ ہموار ہوئی۔

روہت نے پہلی بار 2013 میں کپتانی سنبھالی اور 2024 تک اس منصب پر رہے، جب ممبئی نے گجرات ٹائٹنز سے آنے والے ہاردک کو قیادت دی۔ ہاردک کی تقرری پر خاصی بحث ہوئی، مگر 2024 میں ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں آخری نمبر پر رہی اور وانکھڑے میں انہیں نعرہ بازی اور ہوٹنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ 2025 میں ممبئی نے پلے آف تک رسائی پائی، لیکن 2020 کے بعد سے نہ کوئی فائنل کھیلا گیا نہ ٹائٹل جیتا گیا۔ 2026 کے سیزن میں ممبئی انڈینز نویں نمبر پر رہی اور محض نیٹ رن ریٹ پر ایل ایس جی سے آگے رہی۔ ان تین برسوں میں جب ہاردک دستیاب نہ ہوتے تو قیادت کے فرائض سوریا کمار یادو اور جسپریت بمراہ انجام دیتے رہے۔

روہت کی واپسی کے ساتھ فرنچائز میں بڑے پیمانے پر تنظیم نو بھی کی گئی ہے۔ کیرون پولارڈ کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے جبکہ رابن اتھپا اور مچل میکلینیگن کو بیک روم اسٹاف میں اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ فی الحال ممبئی انڈینز نے صرف روہت کی کپتانی کی تصدیق کی ہے اور دیگر تفصیلات ابھی نہیں دی گئیں۔

اطلاعات کے مطابق سوریا کمار یادو، تلک ورما اور جسپریت بمراہ بھی قیادت کے امیدواروں میں تھے، مگر ممبئی نے اپنی سب سے کامیاب قیادت پر بھروسہ کیا۔ روہت کی کپتانی میں ٹیم نے 2013، 2015, 2017, 2019 اور 2020 میں پانچ ٹائٹل جیتے۔ اپنے پہلے دور میں انہوں نے 163 میچوں میں قیادت کی، جن میں 91 فتوحات، 68 شکستیں اور 4 بے نتیجہ رہیں، جبکہ کامیابی کا تناسب 57.05 رہا۔ ممبئی کے ساتھ ان کی قائدانہ کارکردگی نے انہیں ہندوستان کی تینوں فارمیٹس کی کپتانی تک پہنچایا، جہاں ٹیم نے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 اور چیمپیئنز ٹرافی 2025 جیتیں۔