Tuesday, November 24, 2026 | 13 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • سپریم کورٹ میں 25 نومبر کو شرجیل امام اور عمر خالد کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت

سپریم کورٹ میں 25 نومبر کو شرجیل امام اور عمر خالد کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 24 Nov 2026

سپریم کورٹ میں  25 نومبر کو شرجیل امام اور عمر خالد کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت

سپریم کورٹ نے بدھ، 25 نومبر کو سماجی کارکنان شرجیل امام اور عمر خالد کی وہ اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں جن میں دہلی ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے جس نے انہیں یو اے پی اے کے تحت درج مبینہ “بڑی سازش” کے کیس میں ضمانت دینے سے انکار کیا تھا۔ کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس سوریا کانت، جسٹس جوئے مالیہ باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بینچ معاملہ سننے کا امکان رکھتا ہے۔ درخواست گزاروں نے اعلیٰ عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں ضمانت دی جائے کیونکہ استغاثہ اب تک محفوظ گواہوں کے بیانات قلم بند کرانے میں ناکام رہا ہے اور سپریم کورٹ کی جانب سے لگایا گیا ایک سالہ امتناعی عرصہ اپنے اختتام کے قریب ہے۔

شرجیل امام کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ 25 ستمبر 2020 کو چارج شیٹ داخل کی گئی تھی، اس کیس میں کل 18 ملزمین کے خلاف کاروائی چل رہی ہے اور استغاثہ نے 900 سے زیادہ گواہوں کی فہرست دی ہے جن میں 47 محفوظ گواہ شامل ہیں، لیکن طویل مدت گزرنے کے باوجود کسی ایک گواہ کی بھی جرح یا بیان مکمل نہیں ہوا۔ عمر خالد نے بھی اپنی اپیل میں اسی بنیاد پر مؤقف اختیار کیا کہ محفوظ گواہوں کی عدم جانچ اور ایک سالہ پابندی کی میعاد ختم ہونے سے ان کی مسلسل نظربندی آئین کے آرٹیکل 21 کے منافی ہو جائے گی۔ امام نے مزید بتایا کہ انہیں بطور زیر سماعت قیدی تقریباً 6 سال 9 ماہ ہو چکے ہیں، پھر بھی ایک بھی گواہ کا بیان عدالت میں مکمل نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ 30 ستمبر کو دلی ہائی کورٹ نے دونوں ملزمین کو ضمانت دینے سے انکار کیا تھا اور کہا تھا کہ عدالتی نظم کے تحت وہ سپریم کورٹ کے 5 جنوری کے حکم میں ترمیم نہیں کر سکتی، جس میں کہا گیا تھا کہ دونوں یا تو محفوظ گواہوں کے بیانات ہونے کے بعد یا پھر ایک سال گزرنے پر ضمانت کی نئی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس سے قبل 4 جولائی کو ٹرائل کورٹ نے بھی تیسری بار ضمانت کی درخواستیں یہ کہہ کر مسترد کی تھیں کہ وہ سپریم کورٹ کے حکم کی پابند ہے اور کوئی ریلیف نہیں دے سکتی۔

جنوری میں سپریم کورٹ نے یہ بھی مشاہدہ کیا تھا کہ عمر خالد اور شرجیل امام کے کردار دیگر ملزمین سے الگ اور بادی النظر میں انہیں مبینہ سازش کے “نظریاتی محرک” قرار دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ کیس فروری 2020 کے شمال مشرقی دلی فسادات کی مبینہ بڑی سازش سے متعلق ہے جس میں 53 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 700 سے زائد زخمی ہوئے۔ یہ تشدد شہریت ترمیمی قانون 2019 اور این آر سی کے خلاف احتجاجات کے دوران پھوٹ پڑا تھا۔