Monday, November 16, 2026 | 05 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • بلقیس بانو کیس: سپریم کورٹ نے دو مجرموں کی عمر قید معطل کر کے ضمانت منظور کی

بلقیس بانو کیس: سپریم کورٹ نے دو مجرموں کی عمر قید معطل کر کے ضمانت منظور کی

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 16 Nov 2026

بلقیس بانو کیس: سپریم کورٹ نے دو مجرموں کی عمر قید معطل کر کے ضمانت منظور کی

سپریم کورٹ نے بلقیس بانو اجتماعی زیادتی اور ان کے خاندان کے 7 افراد کے قتل کے معاملے میں سزا پائے دو مجرموں کی عمر قید کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت دے دی ہے۔ یہ حکم جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پی بی ورالے پر مشتمل بنچ نے 28 اکتوبر کو سنایا تھا، جس کا تفصیلی حکم نامہ اب جاری کیا گیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے قرار دیا کہ اپیل کنندگان بپین چندر جوشی اور پردیپ مردھیہ جیل میں 17 سال سے زیادہ عرصہ گزار چکے ہیں اور ان میں سے ایک شدید جسمانی معذوری کا شکار ہے، جبکہ اپیل میں حقائق اور قانون دونوں پہلوؤں پر اہم سوالات فیصلہ طلب ہیں، اس پس منظر میں سزا معطل کی جاتی ہے اور ضمانت منظور کی جاتی ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ ضمانت کی شرائط متعلقہ ٹرائل کورٹ طے کرے گی۔

سماعت کے دوران سینئر وکیل سدھارتھ لتھرا نے عدالت کو بتایا کہ دونوں ملزمان 17 برس سے زائد عرصہ قید میں ہیں، ان میں سے ایک کا نام ایف آئی آر میں شامل نہیں تھا اور 2002 کے فسادات کے تقریباً 3 سال بعد اس کا نام مقدمے میں آیا۔ دوسری طرف اضافی سالیسیٹر جنرل راجا ٹھاکرے نے اس درخواست کی سخت مخالفت کی اور دلیل دی کہ جرم نہایت سنگین ہے اور ٹرائل کورٹ و ہائی کورٹ نے ریکارڈ پر موجود متعلقہ مواد کا جائزہ لے کرہی سزائیں سنائی تھیں۔

یہ واقعہ فروری 2002 میں گودھرا ٹرین کو آگ لگائے جانے کے سانحے کے بعد پھوٹنے والے فرقہ وارانہ فسادات کے دوران پیش آیا تھا جب بلقیس بانو، جن کی عمر اس وقت 21 سال تھی اور وہ 5 ماہ کی حاملہ تھیں، اپنے گھر والوں کے ساتھ جان بچانے کی کوشش کر رہی تھیں۔ ان کے ہمراہ 3 سالہ بیٹی بھی تھی، جو ان 7 اہل خانہ میں شامل تھی جنہیں حملہ آوروں نے ہلاک کر دیا۔

پردیپ مردھیہ اور بپین جوشی ان 11 مجرموں میں شامل ہیں جن کی رہائی معافی کو سپریم کورٹ نے 2024 میں کالعدم قرار دیا تھا۔ دیگر سزا یافتگان میں گووندر نائی، رمیش چندانا، میتش بھٹ، بکا بھائی وہونیا، کیسر بھائی وہونیا، جسونت نائی، رادھے شیام شاہ، راجوبھائی سونی اور شیلش بھٹ شامل ہیں۔ ٹرائل کورٹ نے مردھیہ اور جوشی کو تعزیرات ہند کی دفعات 143، 147، 302 کے ساتھ دفعہ 376 کے تحت مجرم ٹھہرا کر عمر قید بمعہ جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔

سپریم کورٹ نے 8 جنوری 2024 کو اپنے ایک اہم فیصلے میں حکومتِ گجرات کی جانب سے 11 مجرموں کی سزاؤں میں معافی دینے کے اقدام کو کالعدم قرار دیتے ہوئے قرار دیا تھا کہ ریاست نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور ایک ملزم کے ساتھ ملی بھگت کے تاثر کو جنم دیا۔