ہاکی انڈیا کے مجوزہ انتخابات سے متعلق ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ہندوستان کی سپریم کورٹ نے ہفتہ کے روز فیصلہ سناتے ہوئے ہاکی انڈیا کے انتخابی عمل پر سے رکاوٹیں ہٹا دیں اور پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق 5 دسمبر کو پولنگ کرانے کی اجازت دے دی۔ عدالت عظمیٰ کے جسٹس کے وی وشنو ناتھن اور جسٹس ارون پلّی کی دو رکنی بینچ نے اوڈیشہ ہائی کورٹ کی وہ ہدایات کالعدم قرار دیں جن کے تحت انتخابات پر حکمِ امتناع عائد کیا گیا تھا۔ فیصلے کے نتیجے میں انتخابی عمل دوبارہ پٹری پر آ گیا ہے اور موجودہ صدر دلیپ ترکی کے دوبارہ میدان میں اترنے کا راستہ بھی ہموار ہوا ہے۔
بینچ نے واضح کیا کہ کھیل کے مفاد میں تاخیر مناسب نہیں، کیونکہ اگر انتخابات مقررہ تاریخ پر نہ ہوئے تو بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن ایف آئی ایچ کی جانب سے ہندوستانی باڈی کی شناخت کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اسی اندیشے اور کھلاڑیوں و کھیل کے مفاد کے تحفظ کے لیے شیڈول کے مطابق ووٹنگ کرائی جائے۔
سپریم کورٹ نے ہاکی اوڈیشہ کی حیثیت سے متعلق بھی اہم احکامات دیے۔ عدالت نے ہاکی اوڈیشہ کو مستقل رکن کے طور پر برقرار رکھنے کی ہدایت دی، ضابطہ شکنی کے نام پر جاری کی گئی دو شوکاز نوٹس منسوخ کر دیں اور اسے ایسوسی ایٹ رکن بنانے کی تجویز بھی رد کر دی۔ اس حکم سے ریاستی یونٹ کی نمائندگی اور ووٹنگ کے حقوق بحال رہیں گے۔
عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر وابستہ یونٹس یا کسی امیدوار کو عمل کے بارے میں کوئی اعتراض ہو تو وہ دہلی ہائی کورٹ کی سابق ہدایات کے مطابق ریٹائرڈ جسٹس اے کے سکری کی سربراہی میں قائم واحد رکن شکایات کمیٹی سے رجوع کریں، جو موصولہ شکایات کی سماعت کرے گی۔
البتہ عملی سوال یہ ہے کہ انتخابی کیلنڈر کے مطابق وقت کم ہے۔ دستیاب معلومات کے مطابق مسودہ ووٹر لسٹ 22 اکتوبر کو جاری ہونے کے بعد کاروائی رکی ہوئی تھی، اور اب محض ایک ہفتہ میں باقی مراحل نمٹانے ہوں گے، جس میں حتمی فہرست کی توثیق، امیدواروں کے کاغذات کی جانچ اور پولنگ کی تیاری شامل ہے۔ ہاکی انڈیا کے متعلقہ حلقوں نے کہا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کی کوشش کریں گے اور آئندہ شیڈول کے بارے میں حتمی فیصلہ انتخابی افسر سُدھیر تریپاٹھی کریں گے۔
ہاکی اوڈیشہ کے صدر دلیپ ترکی نے عدالتی فیصلے پر اطمینان ظاہر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتہائی کم وقت میں انتخابی عمل کیسے مکمل ہوگا اور وہ خود دوبارہ امیدوار بنیں گے یا نہیں، اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے، مگر ہاکی اوڈیشہ پر عائد غیر قانونی معطلی کا خاتمہ خوش آئند ہے اور اس سے ریاستی یونٹ اور کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہوگا۔







