سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما اعظم خان کو فرضی پیدائش سرٹیفکیٹ کیس میں سپریم کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ منگل، 17 نومبر کو عدالت عظمیٰ نے اتر پردیش حکومت کی وہ اپیل خارج کر دی جس میں الٰہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔ ہائی کورٹ نے مئی 2024 میں اعظم خان کی سزا پر عبوری طور پر روک لگا دی تھی، جس کے خلاف ریاستی حکومت نے نظرثانی کی درخواست دائر کی تھی، مگر سپریم کورٹ نے آج ہائی کورٹ کے حکم کو برقرار رکھا اور یوپی حکومت کی اپیل نامنظور کر دی۔ اس عدالتی فیصلے کے بعد اعظم خان کے لیے فوری قانونی راحت برقرار رہے گی، اگرچہ مقدمے کی حتمی سماعتیں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
یہ معاملہ رام پور سے جڑا ایک ہائی پروفائل تنازعہ ہے جہاں الزام ہے کہ پیدائش کے سرٹیفکیٹ میں تاریخ پیدائش میں ردوبدل کر کے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی گئی۔ ریکارڈ کے مطابق عبداللہ اعظم کے تعلیمی اسناد پر تاریخ پیدائش 1 جنوری 1993 درج ہے، جبکہ لکھنؤ میونسپل کارپوریشن کے پیدائش سرٹیفکیٹ میں 30 ستمبر 1990 لکھی گئی۔ اسی تضاد کی بنیاد پر 2017 کے اسمبلی انتخاب کے دوران اعتراضات اٹھے اور بعد ازاں قانونی چارہ جوئی تیز ہوئی۔
واضح رہےکہ 2017 کے یوپی اسمبلی انتخابات میں رام پور کی سوار اسمبلی سیٹ سے اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ حریف امیدوار نواب کاظم علی خان عرف ناوید میاں نے الزام عائد کیا کہ عبداللہ اعظم نے فرضی پیدائش سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر کاغذات نامزدگی داخل کیے۔ اس کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما آکاش سکسیانہ نے بھی اسی نوعیت کی شکایت کی۔ ان عرضداشتوں پر سماعت کے بعد الٰہ آباد ہائی کورٹ نے عبداللہ اعظم کا انتخاب منسوخ کر دیا۔ سپریم کورٹ سے بھی انہیں انتخابی معاملے میں ریلیف حاصل نہ ہو سکا، اور ان کی رکنیت برقرار نہ رہ پائی۔
قانونی کاروائی کا دائرہ بڑھتے ہوئے اعظم خان، ان کی اہلیہ تَنزین فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اعظم کے خلاف فرضی پیدائش سرٹیفکیٹ تیار کرنے کے الزام میں فوجداری مقدمہ درج کیا گیا۔ اس کیس کی سماعت رام پور کی ایم پی-ایم ایل اے خصوصی عدالت میں ہوئی، جہاں تینوں کو فرضی سرٹیفکیٹ جاری کرنے اور اس سے فائدہ اٹھانے کے جرم میں 7-7 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ بعد ازاں مئی 2024 میں الٰہ آباد ہائی کورٹ نے صرف اعظم خان کی سزا پر روک لگا دی، جب کہ تنزین فاطمہ اور عبداللہ اعظم کی سزا معطل کرنے سے انکار کیا۔ اسی جزوی راحت کے خلاف یوپی حکومت نے سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا، مگر آج کی سماعت میں عدالت عظمیٰ نے ہائی کورٹ کے عبوری حکم کو برقرار رکھا۔
یہ فیصلہ اس لیے اہم سمجھا جا رہا ہے کہ سیاسی سطح پر رام پور اور اطراف میں یہ مقدمہ گزشتہ کئی برس سے موضوع بحث ہے اور اس نے انتخابی سیاست، عوامی نمائندگی کے قانون اور سرکاری ریکارڈ کے انتظام کے متعلق پیچیدہ سوالات کو جنم دیا ہے۔ ماہرین قانون کہتے ہیں کہ آج کا حکم صرف عبوری نوعیت کا تصدیقی قدم ہے، حتمی فیصلے مقدمات کی مکمل سماعت کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔
دوسری جانب سماجوادی پارٹی کی قیادت اس پیش رفت کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق قرار دے رہی ہے، جب کہ ریاستی حکومت کا موقف ہے کہ ریکارڈ میں تضادات سنگین نوعیت کے ہیں اور سزا برقرار رہنی چاہیے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فی الوقت یوپی حکومت کی اپیل رد کی اور ہائی کورٹ کا حکم قائم رکھا۔







