Saturday, October 17, 2026 | 05 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • ٹیسلا کی اڑنے والی روڈسٹر نے قلابازی لگا کر محفوظ لینڈنگ کی، ویڈیو وائرل

ٹیسلا کی اڑنے والی روڈسٹر نے قلابازی لگا کر محفوظ لینڈنگ کی، ویڈیو وائرل

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 17 Oct 2026

ٹیسلا کی اڑنے والی روڈسٹر نے قلابازی لگا کر محفوظ لینڈنگ کی، ویڈیو وائرل
ایلن مسک کی کمپنی ٹیسلا نے آج 16 اکتوبر کو اپنی دوسری جنریشن روڈسٹر کے اڑنے اور قلابازی لگا کر اترنے کا شاندار عملی مظاہرہ پیش کیا، جس کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ مظاہرے میں کار ایک بڑے خم دار ریمپ پر تیزی سے جاکر ، الٹی ہوئی، پھر ریمپ سے ہوا میں اڑی اور ہوا میں قلابازی کھا کر بحفاظت زمین پر لینڈ کر گئی۔ یہ تجربہ ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مشترکہ انجینئرنگ تعاون سے کیا گیا۔
 
 ایلن مسک نے لینڈنگ کے فوراً بعد کہا: “چلیے، یہ کام کر گیا،” اور اسے اپنی ٹیموں کی طویل محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ ٹیسلا کے مطابق اس روڈسٹر میں راکٹ ٹیکنالوجی   پر مبنی تھرسٹرز نصب ہیں۔ کار ایک الٹرا ہائی پریشر ایئر ٹینک کے ذریعے اوپر اٹھتی ہے، ہوا میں استحکام کے لیے ایلٹی ٹیوڈ تھرسٹرز جبکہ پچھلی جانب مین تھرسٹرز لگائے گئے ہیں، جن کی مدد سے یہ کار راکٹ کی طرح ہوا میں گھوم سکتی ہے اور الٹی حالت میں بھی حرکت برقرار رکھتی ہے۔
 
 کمپنی کا دعویٰ ہے کہ موجودہ پروٹو ٹائپ 0.81 سیکنڈ میں 97 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنے کی صلاحیت دکھا چکا ہے۔ ایلن مسک نے بتایا کہ روڈسٹر کا بڑے پیمانے پر پروڈکشن 2028 میں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ بکنگ کے لیے مجموعی طور پر 50 ہزار امریکی ڈالر—تقریباً 48 لاکھ روپے—ڈپازٹ درکار ہوگا، جو ویب سائٹ کے مطابق سو فیصد قابلِ واپسی ہے۔
 
 ایک عینی شاہد  نے سوال کیا کہ کیا  یہ  کار عام سڑکوں پر چل سکے گی؟ مسک نے مزاح میں جواب دیا کہ “یہ اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کی سڑک کیسی ہے،” البتہ واضح کیا کہ استعمال کے لحاظ سے یہ ایک عملی کار ہوگی۔
 
 انہوں کے مطابق روڈسٹر ٹیسلا کی واحد کار ہوگی جو صرف مینوئل ڈرائیونگ کے لیے ہے اور اسے انتہائی اعلیٰ حفاظتی معیارات کے مطابق ڈیزائن نہیں کیا گیا۔ مسک نے مزید کہا کہ حتمی پروڈکشن ورژن میں میک 0.5—یعنی تقریباً 617 کلومیٹر فی گھنٹہ—کی رفتار ہدف ہے، جو موجودہ ابتدائی ماڈل سے کہیں زیادہ ہوگی۔