Wednesday, October 07, 2026 | 24 ربيع الآخر 1448
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • یوپی میں خوفناک سڑک حادثہ، تین ٹینس کھلاڑی ہلاک

یوپی میں خوفناک سڑک حادثہ، تین ٹینس کھلاڑی ہلاک

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 07 Oct 2026

یوپی میں خوفناک سڑک حادثہ، تین ٹینس کھلاڑی ہلاک
 اترپردیش کے ضلع سلطان پورمیں پوروانچل ایکسپریس وے پر بدھ کی صبح ایک تیز رفتار کار ایک ٹرک کو پیچھے سے ٹکر دی ۔ اس حادثہ  میں  تین ٹینس کھلاڑی موقع پر ہی ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ حادثہ بلدیرائی تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ کار میں چھ افراد سوار تھے جو لکھنؤ سے دیوریا لوٹ رہے تھے۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کار بری طرح  تباہ ہوگئی اور اس میں سوار تمام افراد اندر ہی  پھنس گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ، اتر پردیش ایکسپریس ویز انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (UPEIDA) کے سیکورٹی اہلکار، مقامی پولیس کے ساتھ، موقع پر پہنچ گئے اور پھنسے ہوئے مسافروں کو تباہ شدہ کار سے باہر نکالا۔
 
جب انہیں کمار گنج کے 100 بیڈ کے کمبائنڈ اسپتال لے جایا گیا تو نتیا پرجاپتی (22) عرفان انصاری (20) اور انیکیت (24) - سبھی دیوریا کے رہنے والے - کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔زخمی افراد  کا تعلق - دیوریا کے لار تھانہ علاقے کے تحت لکھورا سے آنند یادو (23)، راجو (22) تیار بزرگ سے، اور جینتو شرما (30) مغربی بنگال کے بیر بھوم ضلع کے تحت جمونی ہے۔  زخمیوں  کا علاج چل رہا ہے۔ زخمی جینتو نے پولیس کو بتایا کہ حادثے کے وقت وہ سب سو رہے تھے اور انہیں یہ بھی نہیں معلوم تھا کہ کیا ہوا ہے۔ حادثے کے فوری بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
 
شرما نے کہا کہ تمام چھ پیشہ ور ٹینس کھلاڑی تھے جو ایک ٹورنامنٹ کے لیے لکھنؤ گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "واپسی کے وقت، سفر کے دوران سبھی سو رہے تھے اور یہ ا نھیں  نہیں معلوم تھا کہ حادثہ کیسے ہوا۔جبکہ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، نامعلوم ٹرک کی تلاش جاری ہے۔
 
چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے سوگوار خاندانوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا اور عہدیداروں کو امدادی کاروائیوں میں تیزی لانے اور زخمیوں کا مناسب علاج یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے حکام کو مرنے والوں کے اہل خانہ سے رابطہ کرنے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔
 
سلطان پور کے ضلع مجسٹریٹ اندرجیت سنگھ نے بتایا کہ گاڑی ایک نامعلوم ٹرک سے ٹکرا گئی۔ انہوں نے مزید کہا۔ "زخمیوں کو علاج کے لیے درشن نگر میڈیکل کالج بھیجا گیا ہے۔ نامعلوم گاڑی کو تلاش کرنے کی کوششیں جاری ہیں،"۔فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیور کی شناخت کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔