بھارت ابھرتے ہوئے نو عمر اسٹار کرکٹر ویبھَو سوریہ ونشی نے محض 15 برس کی عمر میں مردوں کی ٹی20 کرکٹ کی تاریخ کا کم عمر ترین کپتان بن کر ریکارڈ قائم کر دیا۔ بہار کرکٹ ایسوسی ایشن نے سید مشتاق علی ٹرافی 2026 میں ٹیم کی قیادت ویبھَو کو سونپی ہے، جس کے تحت انہوں نے ہفتہ کو اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں ایلیٹ گروپ بی کے میچ میں سَوراشٹر کے خلاف اپنی کپتانی کا آغاز کیا۔
ٹاس بہار نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اس تقرری کے ساتھ ہی 15 سالہ ویبھَو نے دنیا بھر کے کئی نوجوان کپتانوں کو خاصی برتری سے پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ تاریخی اعزاز اپنے نام کیا۔ اس فہرست میں اب کروشیا کے زیک ووکوسچک دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں، جنہوں نے 07 اگست 2025 کو 17 سال اور 311 دن کی عمر میں اپنے ملک کی قیادت قبرص کے خلاف سنبھالی تھی۔ اسی قطار میں تیمور علی بھی شامل ہیں، جنہوں نے پاکستان کی ڈومیسٹک ٹی20 میں 2009 کے دوران کوئٹہ بیئرز کی کپتانی 17 سال اور 358 دن کی عمر میں کی۔
بین الاقوامی سطح پر ووکوسچک اور لکش برکانیا نے اپنے کھیل سے یہ مقام حاصل کیا، جبکہ نومان امجد نے جولائی 2022 میں فرانس کی قیادت چیک ریپبلک کے خلاف کی تھی۔ جمعہ کو بہار کرکٹ ایسوسی ایشن نے بی سی سی آئی کے زیرِ اہتمام سید مشتاق علی ٹی20 ٹرافی کے ابتدائی 2 میچوں کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا، جس میں ویبھَو کو کپتان اور سورج کشیپ کو نائب کپتان مقرر کیا گیا۔ بی سی اے کی ریلیز کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ ویبھَو بہار کی سینئر ٹیم کی قیادت کریں گے اور انہی کی سرکردگی میں ٹیم اپنے مہم کا آغاز کرے گی۔
اس موقع پر بی سی اے کے صدر ہرش وردھن نے کہا کہ ویبھَو نے کم عمری میں غیر معمولی صلاحیت، اعتماد اور پختگی دکھائی ہے، اور یہ ذمہ داری انہیں بطور کرکٹر اور رہنما مزید نکھارنے کا موقع دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے ویبھَو کی قیادت میں ٹیم نظم و ضبط، مسابقت اور مؤثر کارکردگی کے ساتھ آنے والے سیزن میں ریاست کی نمائندگی کرے گی۔
ویبھَو کی یہ تاریخی پیش رفت آئی پی ایل 2026 میں ان کی دھواں دھار کارکردگی کے پس منظر میں ہوئی، جہاں انہیں موسٹ ویلیوایبل پلیئر، ایمرجنگ پلیئر آف دی سیزن، سپر اسٹرائیکر آف دی سیزن، اورنج کیپ ونر اور سپر سکسز آف دی سیزن سمیت کئی بڑے اعزازات سے نوازا گیا۔ بہار میں پیدا ہونے والے اس 15 سالہ دائیں ہاتھ کے بیٹر نے راجستھان رائلز کی جانب سے شاندار کھیل پیش کیا اور 776 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز کرنے والے بلے باز رہے، جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 237.30 رہا۔ ان کی مستقل مزاج بیٹنگ، خصوصاً 72 چھکوں کے ریکارڈ ساز سلسلے نے متعدد پرانے آئی پی ایل ریکارڈ توڑ دیے اور انہیں ہندوستانی کرکٹ کے سب سے باصلاحیت نوجوانوں میں نمایاں کر دیا۔







