Wednesday, November 25, 2026 | 14 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • میرٹھ کے ہوٹل میں خاتون سے مبینہ زیادتی اور تشدد، ملزم فرار، ہوٹل سیل

میرٹھ کے ہوٹل میں خاتون سے مبینہ زیادتی اور تشدد، ملزم فرار، ہوٹل سیل

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Md Shahbaz | Last Updated: 25 Nov 2026

میرٹھ کے ہوٹل میں خاتون سے مبینہ زیادتی اور تشدد، ملزم فرار، ہوٹل سیل
اتر پردیش کے میرٹھ میں صدر بازار علاقے کے ایک ہوٹل میں خاتون کو مبینہ طور پر یرغمال بنا کر تشدد اور زیادتی کا نشانہ بنانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کی شکایت پر ملزم سلمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے، جبکہ شواہد محفوظ رکھنے کے لیے ہوٹل کو سیل کر دیا گیا ہے۔
 
ضلع کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بی بی جی ٹی ایس مورتی نے بدھ کے روز بتایا کہ منگل کی شام واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی۔ اس کے بعد متاثرہ خاتون صدر بازار تھانے پہنچی اور شکایت درج کرائی کہ سلمان نے اسے ہوٹل میں یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے ساتھ زیادتی کی۔
 
پولیس کے مطابق یہ واقعہ ابو لائن کے قریب پیش آیا۔ خاتون مدد کے لیے چیختی ہوئی ہوٹل سے باہر نکلی تو ملزم اس کے پیچھے آیا اور اسے دوبارہ اندر گھسیٹنے کی کوشش کی۔ خاتون کی آواز سن کر آس پاس کے دکاندار اور راہگیر جمع ہو گئے۔ لوگوں نے اسے بچانے کے لیے ہوٹل میں داخل ہونے کی کوشش کی، لیکن الزام ہے کہ ہوٹل کے عملے نے انہیں روک دیا۔
 
اسی دوران جب موقع پر لوگوں کی بھیڑ بڑھنے لگی تو ملزم ہوٹل کی چھت سے چھلانگ لگا کر فرار ہو گیا۔ پولیس اب اس کی گرفتاری کے لیے کارروائی کر رہی ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (سٹی) کی قیادت میں چار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو واقعے کی تفتیش کے ساتھ مفرور ملزم کی تلاش میں بھی مصروف ہیں۔ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد محفوظ رکھنے کے لیے ہوٹل کو اپنی تحویل میں لے کر سیل کر دیا ہے۔
 
اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ، میرٹھ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور کینٹونمنٹ بورڈ کو ہوٹل کے احاطے کو مستقل طور پر سیل کرنے کی سفارش بھی بھیجی گئی ہے۔ پولیس نے ہوٹل میں مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی جانچ شروع کر دی ہے۔