اترپردیش کے وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما یوگی آدتیہ ناتھ نے سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کو ایودھیا سے آئندہ اسمبلی انتخاب میں اپنے خلاف میدان میں اترنے کی دعوت دی۔ یہ براہِ راست للکار اس جانب اشارہ کرتی ہے کہ 2027 کے ریاستی انتخابات میں دونوں لیڈروں کے درمیان سیدھا ٹکراؤ ممکن ہے۔ یہ پیش رفت اترپردیش کی روایتی سیاست میں اہم تبدیلی سمجھی جا رہی ہے، جہاں دہائیوں تک اتحادوں، ذات پات کی صف بندی اور کثیر رخہ مقابلوں نے انتخابی منظرنامہ متعین کیا۔
ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق ریاست کی سیاست گزشتہ 2 دہائیوں میں غیر معمولی حد تک مستحکم رہی ہے۔ مارچ 2022 میں دوسری بار حلف لینے کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ نے تاریخ رقم کی کہ وہ اترپردیش کے پہلے ایسے وزیر اعلیٰ بنے جنہوں نے نہ صرف اپنی مدت مکمل کی بلکہ دوبارہ منتخب بھی ہوئے۔ اب وہ دوسری مدت مکمل کرنے کی راہ پر ہیں اور تیسری مدت کے لیے کوشاں ہیں، جو ایک اور ریکارڈ ہوگا۔ اگر وہ آئندہ بار بھی اقتدار سنبھالتے ہیں تو وہ ان 11 وزرائے اعلیٰ کے ممتاز حلقے میں شامل ہو جائیں گے جنہوں نے 2 مکمل میعادوں کے بعد تیسری بار لگاتار منصب سنبھالا۔ اس تقابل میں وہی ریاستیں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقے شامل ہیں جن میں کم از کم 70 اسمبلی نشستیں ہیں۔
ریاست کو پہلی بار مکمل مدت والی وزارتِ اعلیٰ مایاوتی کے دور 2007 تا 2012 میں ملی۔ اس کے بعد اکھلیش یادو نے 2012 تا 2017، اور یوگی آدتیہ ناتھ نے 2017 تا 2022 اور پھر 2022 تا 2027 کے ادوار سے اس تسلسل کو مضبوط کیا۔ اس سے قبل 2007 تک کے 55 برس میں اترپردیش میں 33 وزرائے اعلیٰ آئے، جہاں کسی کا دورانیہ صرف 19 دن رہا اور کسی کا زیادہ سے زیادہ 1,352 دن تک۔ یہ اتھل پتھل اب بتدریج کم ہوئی ہے اور قیادت کے تسلسل نے نظمِ حکمرانی میں پائداری دکھائی ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ کی مدت کی ایک انوکھی جہت یہ بھی ہے کہ وہ پہلی بار ایسے وزیر اعلیٰ ہیں جنہوں نے مکمل میعاد ایم ایل اے رہتے ہوئے پوری کی۔ 2017 میں وہ گورکھپور سے لوک سبھا کے ایم پی تھے اور انہوں نے اسمبلی انتخاب لڑنے کے بجائے ایم ایل سی بننے کا راستہ اختیار کیا۔ 2022 میں انہوں نے گورکھپور اربن سیٹ سے انتخاب جیت کر پہلی مرتبہ ایم ایل اے بنے۔ اس کے برعکس، مایاوتی اور اکھلیش یادو دونوں نے اپنی مکمل میعادیں اس وقت پوری کیں جب وہ ایم ایل سی تھے۔ مایاوتی پارلیمان اور ریاستی مقننہ کے چاروں ایوانوں کی رکن رہ چکی ہیں اور 1995 میں پہلی بار وہ راجیہ سبھا کی رکن ہوتے ہوئے وزیر اعلیٰ بنیں۔ اکھلیش یادو 2022 میں کرہل سے ایم ایل اے منتخب ہوئے، مگر 2024 میں کنوج سے لوک سبھا جیتنے کے بعد اسمبلی رکنیت چھوڑ دی۔







