Sunday, November 22, 2026 | 11 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • حیدرآباد میں 4 ہوٹلوں کے ایف ایس ایس اے آئی لائسنس معطل، ٹی جی سیف کی کریک ڈاؤن کاروائی

حیدرآباد میں 4 ہوٹلوں کے ایف ایس ایس اے آئی لائسنس معطل، ٹی جی سیف کی کریک ڈاؤن کاروائی

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 21 Nov 2026

حیدرآباد میں 4 ہوٹلوں کے ایف ایس ایس اے آئی لائسنس معطل، ٹی جی سیف کی کریک ڈاؤن کاروائی

حیدرآباد میں تلنگانہ فوڈ سیفٹی اتھارٹی ٹی جی سیف نے شہر کے مشہور ریستورانوں پر فوڈ سیفٹی ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزام میں بڑی کاروائی کرتے ہوئے 4 ہوٹلوں کے ایف ایس ایس اے آئی لائسنس فوری طور پر معطل کر دیے۔ یہ کاروائی اس ہفتے شہر کے مختلف علاقوں میں کی گئی اچانک چیکنگ کے دوران سامنے آنے والی شدید بے ضابطگیوں کے بعد عمل میں آئی۔ حکام کے مطابق متاثرہ اداروں میں مادھا پور کے آیپا سوسائٹی میں واقع “مادھا پور باوروچی”، کوکٹ پلی کا “دی اسپائس کچن”، ٹولی چوکی کا “مطعم الیمانی عریبیئن ریستورینٹ” اور چندانگر کا “انّاپورنا کیٹرس” شامل ہیں، جنہیں کاروباری سرگرمیاں فوراً روکنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

ٹی جی سیف کی ٹیموں نے بتایا کہ معائنوں میں کچنوں کی حالت نہایت ناگفتہ بہ پائی گئی، فرش ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھے، دیواریں دھوئیں سے سیاہ تھیں، اور صفائی کا معیاری ریکارڈ موجود نہ تھا۔ فریج میں سبزی و دالیں اور گوشت ایک ساتھ رکھے ملے جو بین الاقوامی اور قومی رہنما اصولوں کے خلاف ہے۔ حکام نے مزید کہا کہ جگہ جگہ بھنگے اور کاکروچ نظر آئے اور چوہوں کی فضلہ بھی پایا گیا۔ بعض مقامات پر ناقص اور سستے مصنوعی فوڈ کلرز کے استعمال کے شواہد ملے، جب کہ کھانا تیار کرنے والے عملے کے طبی معائنوں کے سرٹیفکیٹس دستیاب نہیں تھے، جو لازمی شرط ہے۔

ادارے نے اس کے ساتھ ہی رجسٹریشن یا کم از کم ایف ایس ایس اے آئی لائسنس کے بغیر چلنے والے دو مقامات، یعنی ٹولی چوکی کے “الکریم بیکرز” اور  “شری لکشمی لگژری مینز ہاسٹل” کو بھی سیل کر دیا۔ مشتبہ ملاوٹ کے متعلق 8 خوراکی نمونے موقع سے لے کر تصدیق کے لیے لیب بھیجے گئے، جب کہ تقریباً 135 کلو ناقص معیار کا ذخیرہ موقع پر ضبط کر لیا گیا تاکہ اسے مزید فروخت سے روکا جا سکے۔

حکام نے واضح کیا کہ یہ قدم صارفین کی صحت کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے اور آئندہ بھی بغیر نوٹس سخت چیکنگ جاری رہے گی۔ خلاف ورزی ثابت ہونے پر جرمانے اور قانونی کاروائی ہوگی، جبکہ معطل ادارے صفائی کے معیارات، اسٹوریج کی درستی، عملے کے طبی سرٹیفکیٹس اور رنگوں کے ضوابط پورے کر کے ہی بحالی کی درخواست دے سکیں گے۔