Saturday, November 21, 2026 | 10 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • محمد سراج کو دبانا یا نظرانداز کرنا آسان نہیں:اسداویسی کا بیان

محمد سراج کو دبانا یا نظرانداز کرنا آسان نہیں:اسداویسی کا بیان

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 21 Nov 2026

 محمد سراج کو دبانا یا نظرانداز کرنا آسان نہیں:اسداویسی کا بیان

کل ہند مجلس اتحاد المسلمین(اےآئی ایم آئی ایم) کے صدر اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ بیر سٹر اسدالدین اویسی نے ہفتہ کے روز کہا کہ بھارتی تیز گیندباز محمد سراج کو دبانا یا ان کی صلاحیتوں کو نظرانداز کرنا آسان نہیں ہے۔ یہ ردعمل نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ نہ کھیلنے پر اٹھنے والی بحث کے پس منظر میں سامنے آیا، جب کہ سلیکشن کمیٹی فیصلوں پر سوالات اٹھائے گئے۔

اویسی نے یاد دلایا کہ سراج نے انتہائی سادہ پس منظر سے اٹھ کر مسلسل محنت، ثابت قدمی اور ارادے کے بل پر ٹیم انڈیا میں جگہ بنائی۔ ان کے مطابق سراج حیدرآباد کے ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ ، ایک آٹو رکشہ ڈرائیور کے بیٹے ہیں، مگر اسی محنت سے وہ ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے لیے کئی میچ کھیل چکے ہیں اور 144 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اویسی نے کہا کہ سراج کی اصل طاقت ان کا عزم ہے، انہیں دبانا ممکن نہیں، وہ واپسی ضرور کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انگلینڈ کے خلاف 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سراج نے بطور فاسٹ بولر 1,113 گیندیں پھینکیں، تمام میچ کھیلے اور نمایاں وکٹیں لیں، جس سے ان کی لڑاکا فطرت، سادگی اور کردار جھلکتا ہے۔

اویسی کے یہ تبصرے اس وقت آئے جب جاری ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں 11 میچوں میں 43 وکٹیں لینے کے باوجود سراج نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون میں شامل نہیں تھے۔ اسی دوران کانگریس کے ایم پی عمران مسعود نے الزام لگایا کہ سراج کے نام کی بنا پر امتیاز برتا گیا اور ان کی کارکردگی کے باوجود انہیں موقع نہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ چناؤ صرف کارکردگی پر ہونا چاہیے اور محمد شامی، سرفراز خان سمیت تمام کھلاڑیوں کے ساتھ یکساں معیار اپنایا جائے۔ عمران مسعود کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کانگریس کی رہنما ممتاز پٹیل نے اپیل کی کہ نفرت اور تقسیم کا ماحول پیدا نہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں مذہبی یا لسانی تفریق کی گنجائش نہیں، ٹیم انڈیا بہترین فارم اور موزوں کمبی نیشن کی بنیاد پر بنتی ہے، اس لیے بحث کو نفرت کی طرف نہ موڑا جائے۔