سعودی عرب کی دارلحکومت ریاض میں متعدد زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، شہریوں کو ممکنہ فضائی خطرے کے بارے میں ہنگامی انتباہ موصول ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ آوازیں اس وقت آئیں جب قومی اوائل انتباہ پلیٹ فارم (National Early Warning Platform)نے شہر بھر میں الرٹ جاری کر کے رہائشیوں کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی۔ سعودی محکمہ شہری دفاع نے ایک پیغام میں تصدیق کی کہ الرٹ جاری ہونے کے بعد متعلقہ اداروں نے صورتحال پر فوری طور پر ردِعمل دیا اور شہریوں سے گھروں میں رہنے، غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور صرف مصدقہ ذرائع سے معلومات لینے کی اپیل کی۔
سعودی قیادت والے اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نےسوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی سمت داغے گئے 3 بیلسٹک میزائل فضا ہی میں روک کر تباہ کر دیے۔ ان کے مطابق ایک ڈرون کو بھی سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف سے آتے ہوئے نشانہ بنا کر گرا دیا گیا، جس سے ممکنہ جانی و مالی نقصان ٹل گیا۔ ترجمان نے کہا کہ دفاعی عملہ تیار حالت میں تھا اور خطرے کی نوعیت کے مطابق بروقت کاروائی کی گئی۔
بعد ازاں سعودی شہری دفاع نے اعلان کیا کہ ریاض میں خطرہ ٹل چکا ہے، تاہم شہریوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل جاری رکھیں، اجتماعی محفلیں اورہجومنعقد نہ کریں ۔ واقعات کی ویڈیو یا تصاویر بنانے سے پرہیز کریں اور کسی ہنگامی صورت میں 911 پر رابطہ کریں۔ اسی نوعیت کے ہنگامی انتباہات خمیس مشیط، نجران اور السلیل میں بھی جاری ہوئے تھے، جہاں متعلقہ حکام نے بعد میں صورتحال کے قابو میں آنے اور خطرہ ختم ہونے کی اطلاع دی۔
اس پیش رفت کے ساتھ ہی سعودی قیادت والے اتحاد نے یمن میں حوثی ٹھکانوں کے خلاف ایک عسکری کاروائی شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔ اتحاد نے کہا کہ یہ کارروائیاں سرحد پار سے ہونے والی میزائلی اور ڈرون سرگرمیوں کے تناظر میں کی جا رہی ہیں تاکہ شہری آبادی اور اہم تنصیبات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
حوثی عسکری ترجمان یحییٰ سریع نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سعودی فورسز نے یمن کے مختلف علاقوں پر 78 فضائی اور میزائلی حملے کیے جن میں صنعا، الحدیدہ، تعز، لحج، صعدہ، مأرب اور الجوف شامل ہیں، اور ان کے بقول ان کارروائیوں میں عام شہری، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، متاثر ہوئے۔ انہوں نے مجموعی حملوں کی تعداد میں اضافے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی کے آغاز سے اب تک ہزاروں حملے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
یحییٰ سریع نے مزید دعویٰ کیا کہ حوثی فورسز نے الحدیدہ کے اوپر ایک سعودی ایف-15 طیارے کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جس کے بعد طیارہ اپنا مشن ادھورا چھوڑ کر واپس چلا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اتحاد نے الحدیدہ بندرگاہ کو نشانہ بنایا تو جدہ بندرگاہ سمیت بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی بندرگاہیں ممکنہ ہدف بنیں گی، اور انہوں نے ریاض کے مالیاتی مرکز اور الشقیق بجلی گھر کا بھی بطور ممکنہ اہداف ذکر کیا۔
سعودی حکام نے عوام سے کہا ہے کہ کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع یا افواہ پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے رہنمائی حاصل کریں۔ موجودہ صورتحال میں حفاظتی پروٹوکول، مقامی انتظامیہ کی ہدایات اور ہنگامی رابطہ نمبروں پر عمل کرنا شہری ذمہ داری قرار دیا گیا ہے۔







