• News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • میانمار: 14 دنوں میں 112 بار زمین لرز گئی، 3600 سے زائد افراد کی موت، صورتحال انتہائی خوفناک

میانمار: 14 دنوں میں 112 بار زمین لرز گئی، 3600 سے زائد افراد کی موت، صورتحال انتہائی خوفناک

Reported By: Munsif TV | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Apr 11, 2025 IST     

image
میانمار: 28 مارچ 2025 کو میانمار میں ایک خوفناک زلزلہ آیا تھا۔ یہ زلزلہ میانمار کی تاریخ کا سب سے تباہ کن زلزلہ تھا۔ منڈالے کے علاقے میں 7.7 شدت کے زلزلے کے بعد سے اب تک 112 آفٹر شاکس محسوس کیے جا چکے ہیں، جن کی شدت 2.8 سے 7.5 تک تھی۔ میانمار کے محکمہ موسمیات اور ہائیڈرولوجیکل کے مطابق زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد 3,649 ہو گئی ہے جب کہ 5,018 افراد زخمی اور 145 لاپتہ ہیں۔
 
میڈیا رپورٹ کے مطابق زلزلے سے ملک کے موبائل کمیونیکیشن سسٹم کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ زلزلے کی وجہ سے کل 6,730 کمیونیکیشن اسٹیشن کو نقصان پہنچا جن میں سے 5,999 کی مرمت ہو چکی ہے۔ بھارت، اقوام متحدہ، امریکہ اور یورپی یونین جیسی بین الاقوامی تنظیموں نے میانمار کی مدد کے لیے راحت اور بچاؤ ٹیمیں، طبی ٹیمیں اور ضروری وسائل بھیجے ہیں۔ یونیسکو نے بھی مدد کا عندیہ دیا ہے۔
 
زلزلے کے سانحے نے میانمار کے سب سے نمایاں روایتی تہوار 'اتا تھنگیان فیسٹیول' کو بھی متاثر کیا ہے۔ یہ تہوار ہر سال 13 سے 16 اپریل تک بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے۔ تاہم اس بار میلے سے متعلق موسیقی، رقص اور دیگر پروگراموں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ینگون سٹی ڈویلپمنٹ کمیٹی نے شہر میں تمام عوامی اجتماعات اور تقریبات کو معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔۔ میانمار کا روایتی نیا سال، جو 17 اپریل کو آتا ہے، پرامن طریقے سے منانے کو کہا گیا ہے۔
 
زلزلے کے باعث میانمار میں 15 ڈاکخانوں کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا، حالانکہ انہیں 31 مارچ سے بتدریج کھولا جا رہا ہے۔ صحت کی خدمات، پانی کی فراہمی اور بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ دیہی علاقوں میں خوراک اور پینے کے پانی کا بحران گہرا ہوتا جا رہا ہے۔