دہلی کے مصطفی آباد علاقے میں آج صبح ایک بڑا حادثہ پیش آیا ۔ دیال پور تھانے کے علاقے میں آج صبح ایک کثیر المنزلہ عمارت گرنے سے کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ریسکیو ٹیموں نے 14 افراد کو بچا لیا ہے جن میں سے 10 کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حکام نے حادثے کے بارے میں کیا کہا؟
دہلی فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار نے بتایا، ہمیں رات دیر گئے تقریباً 2:50 بجے ایک مکان کے گرنے کے بارے میں کال موصول ہوئی، جب ہم موقع پر پہنچے تو دیکھا کہ پوری عمارت منہدم ہو چکی ہے اور لوگ ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں۔شمال مشرقی ضلع کے ایڈیشنل ڈی سی پی سندیپ لامبا نے کہا، یہ 4 منزلہ عمارت تھی۔ فی الحال ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ 8-10 لوگوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
تقریباً 10 افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق اس عمارت میں 3 سے 4 خاندان رہائش پذیر تھے۔ مالک مکان بھی کرایہ داروں کے ساتھ رہتا تھا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ تقریباً 10 افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) ، ڈاگ اسکواڈ، فائر ڈپارٹمنٹ اور دہلی پولیس کے اہلکار بچاؤ آپریشن میں مصروف ہیں۔ساتھ ہی مقامی لوگ بھی ملبہ ہٹانے میں ریسکیو ٹیموں کی مدد کر رہے ہیں۔
حادثے کی وجہ کیا تھی؟
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ عمارت بالکل بھی خستہ حال نہیں تھی بلکہ گھر Lشکل میں بنایا گیا تھا، شاید اسی وجہ سے عمارت گری۔ اس کے علاوہ کل دہلی میں شدید طوفان بھی آیا تھا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اس سے عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔عمارت کے مالک کا نام تحسین ولد یاسین بتایا جاتا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت چاندنی، دانش، ریشما اور نوید کے نام سے ہوئی ہے۔
مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے کئی افراد شامل ہیں۔
مرنے والوں میں سے ایک کے رشتہ دار شہزاد احمد نے بتایا، عمارت دیر رات گئے 2-3 بجے کے قریب منہدم ہوئی۔ یہ چار منزلہ عمارت تھی۔ میرے دو بھتیجوں کی موت ہو گئی ہے۔ میری بہن، بھابھی اور بھتیجی بھی زخمی ہیں۔ وہ GTB ہسپتال میں داخل ہیں.آپ کو بتا دیں کہ گزشتہ ہفتے مادھو وہار تھانے کے قریب ایک زیر تعمیر عمارت کی دیوار گرنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی تھی اور دو دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ یہ دیوار طوفان کی وجہ سے گری تھی۔