• News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • مرکز جماعت کے میڈیا ہال میں مرکزی تعلیمی بورڈ کی تیار کردہ انگریزی زبان کی چند کتابوں کاہوا اجرا

مرکز جماعت کے میڈیا ہال میں مرکزی تعلیمی بورڈ کی تیار کردہ انگریزی زبان کی چند کتابوں کاہوا اجرا

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Apr 18, 2025 IST     

image
نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند کا مرکزی تعلیمی بورڈ برابر نصابی کتب کی تیاری میں لگا ہوا ہے ۔ اس نے خاص طور پر ابتدائی درجات کے لیے کئی مضامین کی کتابیں تیار کی ہیں ۔ اسکولوں میں پڑھانے کے لیے اردو زبان میں اسلامیات کی پانچ کتابیں (برائے نرسری ، لور کے جی ، اپر کے جی ، فرسٹ ، سیکنڈ) اور صباحی و مسائی مکاتب میں بچوں کی تعلیم کے لیے اردو زبان میں اسلامیات برائے جز وقتی مکاتب کے چار حصے طبع کیے گئے ہیں ۔ اسی طرح بورڈ کی جانب سے انگریزی زبان میں بھی نصابی کتابیں تیار کی جا رہی ہیں ۔ 
 
کزشتہ کل  مرکز جماعت کے میڈیا ہال میں مرکزی تعلیمی بورڈ کی تیار کردہ انگریزی زبان کی چند کتابوں کا اجرا ہوا :ان میں سے ایک کتاب ہے ’’ Islamic Studies‘‘ ۔ اس کتاب کے تین حصے ہیں’’ Nursery، Lower KG اور Upper KG ‘‘ اسے محترمہ حنا فرحان صاحبہ (بھوپال) نے تیار کیا ہے۔ دوسری کتاب ہے ’’English for LKG ‘‘۔ اسے دو حصوں میں تیار کیا گیا ہے ، دو سمسٹر میں پڑھانے کے لیے ۔ تیسری کتاب ہے ’’Math's for Nursery ‘‘۔ اس کے دو حصے ہیں ، دو سمسٹر میں پڑھانے کے لیے ۔ چوتھی ہے ’’ EVS for Nursery ‘‘۔ اس کے بھی دو حصے طبع کیے گئے ہیں ، دو سمسٹر میں پڑھانے کے لیے۔انگریزی ، میتھ اور EVS کی کتابوں کی بھی رسم اجرا ہوئی۔ ان کتابوں کو ڈاکٹر اُنیسہ زینب (بنگلور) نے تیار کیا ہے۔ بعد میں ایک کمیٹی کے ذریعے ان کتابوں کا ریویو کرواکے ان کی طباعت کی گئی ہے۔
 
پروگرام کا آغاز قاری عبد المنان کی تلاوت سے ہوا ۔ اس کے بعد مولانا انعام اللہ فلاحی نے بورڈ کی سرگرمیوں کا تعارف کرایا ۔ انھوں نے بتایا کہ مرکزی تعلیمی بورڈ کی کوشش رہی ہے کہ اس کی تیار کردہ سابقہ کتابوں پر نظر ثانی ہوتی رہے۔ مرکزی تعلیمی پالیسی کے مطابق انھیں اپ ڈیٹ کیا جائے ، ساتھ ہی نئی کتابیں بھی تیار کی جائیں ۔ اسی کے تحت آج چار کتابوں کا اجرا کیا جارہا ہے۔ پروگرام میں اسلامک اسٹڈیز کی کتاب کی مصنفہ محترمہ حنا فرحان صاحبہ موجود تھیں ۔ انھوں نے کتاب کی خصوصیات پر روشنی ڈالی ۔ 
 
 آخر میں جناب سید سعادت اللہ حسینی امیر جماعت اسلامی ہند نے صدارتی کلمات ارشاد فرمائے ۔ انھوں نے فرمایا کہ آج کل مسلمان تہذیبی اور فکری یلغار کی زد میں ہیں ۔ ایک طرف مغربی تہذیب کی یلغار ہے تو دوسری طرف اپنے ملک میں مشرکانہ تہذیب اور افکار کا حملہ ہے ۔ یہ بہت بڑا چیلنج ہے ۔ اس صورت حال میں بچوں میں دین اور عقیدہ کو راسخ کرنا اور اچھے برے کو پہچاننے کی صلاحیت پیدا کرنا موجودہ دور کی شدید ضرورت ہے ۔ 
 
 اجرا کی تقریب میں جناب محمد سلیم انجینئر نائب امیر جماعت ، جناب سلیم اللہ خاں امیر حلقہ دہلی ، جناب شفیع مدنی سکریٹری جماعت ، ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی سکریٹری شریعہ کونسل ، جناب رمیس ای کے مینیجر،  ارشاد صاحب سابق انچارج اور جناب عبد الرحمن فلاحی صاحب ایڈیٹوریل انچارج مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز  اور کئی اسکولوں کے ذمے داروں کے علاوہ عام لوگوں نے شرکت کی۔