بی آر ایس کی سلور جوبلی کیلئے سب کچھ تیار ہے۔ سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا آج سے ورنگل میں آغاز ہوگا۔ بی آر ایس کے یوم تاسیس کے موقع پر ورنگل میں ایک بہت بڑا جلسہ عام منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس جلسہ کیلئے ریاست بھر سے پارٹی لیڈرس اور کارکن ورنگل کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ اس سلسلہ میں مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے جن میں رکنیت کی رجسٹریشن، تنظیمی کمیٹیاں، تربیت کے علاوہ دیگر پروگرام بھی شامل ہیں۔
جلسہ سے کے سی آر کا خصوصی خطاب ہوگا۔بی آر ایس نے ہنمکنڈہ کے ایلکاتھورتی کے کسانوں سے حاصل کردہ 1213 ایکڑ اراضی پر سلور جوبلی جلسہ کیلئے شاندار انتظامات کئے ہیں۔ جلسہ گاہ کا احاطہ 154 ایکڑ پر تیار کیا گیا ہے جبکہ اسٹیج کو گلابی رنگوں سے سجادیاگیاہے جس پر 500 لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اسٹیج کے آگے فنکاروں کی پرفارمنس کیلئے خصوصی طور پر ایک اور اسٹیج بنایا گیا ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں گاڑیوں کی آمد کے امکان کے پیش نظر پارکنگ کیلئے 1,059 ایکڑ جگہ مختص کی گئی ہے اور اسے 5 زونوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ وی آئی پی گاڑیوں کیلئے علحدہ انتظام کیاگیاہے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں شرکت کرنے والوں کیلئے ایک لاکھ سے زائد کرسیوں کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ خواتین کیلئے خصوصی کرسیاں لگائی گئیں ۔ذرائع کے مطابق لائٹس اور ایل ای ڈی کیلئے 200 بڑے جنریٹرز نصب کیے گئے ہیں۔ یہاں جملہ 23 ایل ای ڈی اسکرینس لگائی گئی ہیں۔ اس دوران بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی آر نے آج صبح پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر تلنگانہ بھون میں پارٹی پرچم لہرایا۔ اس پروگرام میں بی آر ایس پارٹی کے ایم ایل اے، ایم ایل سی، سابق ایم ایل اے، سابق ایم ایل سی، دیگر عوامی نمائندوں اور لیڈروں نے شرکت کی۔بعدازیں کے ٹی آر نے تلنگانہ شہدا کی یادگار پر پہنچ کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
بی آر ایس کے سلور جوبلی جلسہ کو کامیاب بنانے کیلئے پارٹی قائدین ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں حلقہ اسمبلی چننور کے رام کرشن پور میں بھی پارٹی پرچم لہرایاگیاؤ اس موقع پر بی آر ایس لیڈر بالکا سمن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کا سلور جوبلی جلسہ ریاست کی تاریخ کا سب سے کامیاب جلسہ ثابت ہوگا۔ بالکا سمن نے دیگر موضوعات سے بھی میڈیا کو واقف کرایا۔