• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • بہار:20 اپریل کو وقف ایکٹ کے خلاف پرامن احتجاج،اختر الایمان کا اعلان

بہار:20 اپریل کو وقف ایکٹ کے خلاف پرامن احتجاج،اختر الایمان کا اعلان

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Apr 19, 2025 IST     

image
بہار نیوز: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے  رہنما اختر الایمان نے وقف ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ اس قانون کے خلاف بہار کے کشن گنج میں جمعہ 18 اپریل کو ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران اے آئی ایم آئی ایم لیڈر اور کشن گنج کے ایم ایل اے اختر الایمان نے لوگوں  سے احتجاج میں شامل ہونے کی اپیل کی۔اس دوران انہوں نے جے ڈی یو کے مسلم لیڈروں کی تنقید کی۔
 
بتا دیں کہ وقف قانون کے خلاف بہار سمیت ملک بھر میں احتجاج جاری ہے۔ ادھر بہار کے کشن گنج میں اس قانون کے خلاف بڑے احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ احتجاج 20 اپریل کو وقف تحفظ موومنٹ کے بینر تلے کیا جائے گا، جس میں اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اور کئی اسلامی تنظیموں کے لوگ شرکت کریں گے۔ یاد رہے کہ یہ احتجاج کشن گنج کے لہرا چوک گراؤنڈ میں ہونا ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم لیڈر اور ایم ایل اے اختر الایمان نے کہا کہ مودی حکومت کھلم کھلا مسلمانوں کے قبرستانوں اور مساجد پر قبضہ کرنے کی سازش کر رہی ہے جسے ہم کبھی برداشت نہیں کریں گے۔
 
پریس کانفرنس میں موجود دیگر دانشوروں نے بھی وقف ترمیمی ایکٹ کو کالا قانون قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قانون وقف املاک کو تحفظ دینے کے بجائے تباہ کرنے کی طرف ایک خطرناک قدم ہے۔اس کے ساتھ ہی اختر الایمان نے جے ڈی یو کے مسلم لیڈروں کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں میر جعفر کی اولاد بتایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیمانچل کے لوگ امن سے محبت کرتے ہیں، اس لیے 20 اپریل کو وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف پرامن احتجاج کیا جائے گا اور اس ایکٹ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔