اناکاپلے: آندھرا پردیش کے اناکاپلے ضلع کے کوٹاوروتلا منڈل کے کیلاساپٹنم میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک پٹاخہ فیکٹری میں آگ لگنے سے آٹھ افراد کی موت ہو گئی ہے۔ خود وزیر داخلہ نے مرنے والوں کی تعداد کی تصدیق کی ہے۔ہلاک ہونے والوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں اور 7 افراد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی۔حادثے کے وقت فیکٹری میں 30 مزدور کام کر رہے تھے۔
حادثہ کیسے ہوا؟
یہ واقعہ اناکاپلے ضلع کے کوتاوروتلا منڈل کے کیلاساپٹنم گاؤں میں پیش آیا۔ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ دھماکہ پٹاخہ بنانے والے یونٹ میں ہوا۔ دھماکے کے بعد آگ تیزی سے پھیلی اور پورے یونٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور دھماکے ہونے لگے۔دھماکے سے فیکٹری کی چھت کو بھی کافی نقصان پہنچا۔حادثے میں 6 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جب کہ 2 افراد اسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
وزیراعلیٰ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔
آندھرا پردیش کے وزیر اعلی این چندرا بابو نائیڈو نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق وزیر اعلیٰ نے ضلع کلکٹر، پولیس سپرنٹنڈنٹ اور ریاستی وزیر داخلہ انیتھا سے فون پر بات کی تاکہ واقعہ کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت متاثرین کے خاندانوں کی مدد کرے گی ۔