• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • اگر ان کی پارٹی اقتدار میں آئی تو وقف ایکٹ میں "ایک گھنٹے کے اندر" ترمیم کر دی جائے گی، عمران مسعود

اگر ان کی پارٹی اقتدار میں آئی تو وقف ایکٹ میں "ایک گھنٹے کے اندر" ترمیم کر دی جائے گی، عمران مسعود

Reported By: Munsif TV | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Apr 14, 2025 IST     

image
وقف ایکٹ پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود کے بیان نے سیاسی حلقوں میں نئی ​​ہلچل مچا دی ہے۔ حیدرآباد میں آل انڈیا مسلم ملی کونسل کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مسعود نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی اقتدار میں آئی تو وقف ایکٹ میں "ایک گھنٹے کے اندر" ترمیم کر دی جائے گی۔ بی جے پی کے ترجمان یاسر جیلانی نے ان کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کی سماجی ہم آہنگی کے لیے مہلک قرار دیا ہے۔
 
 
عمران مسعود نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسجدیں نہیں ہوں گی تو نماز کہاں پڑھیں گے؟ قبرستان نہیں ہوں گے تو مردے کہاں دفنائیں گے؟ عیدگاہوں کا کیا ہوگا؟ دعا کریں کہ ہم اقتدار میں آئیں، ہم جس دن آئیں گے ایک گھنٹے میں وقف کا نیا قانون ٹھیک کر دیں گے۔عمران مسعود کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت سمندر میں طوفان ہے اور طوفانوں کا مقابلہ چھوٹی کشتیوں سے نہیں، بڑے بحری جہازوں سے کیا جاتا ہے، انہوں نے مسلم کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ متحد رہیں اور ایک بڑی جنگ کے لیے تیار رہیں۔
 

بی جے پی کے ترجمان کا عمران مسعود کے بیان پر جوابی حملہ:

 
بی جے پی کے ترجمان یاسر جیلانی نے کانگریس ایم پی عمران مسعود کے بیانپر جوابی حملہ کیا اور کہا کہ عمران مسعود جیسے مجرمانہ ذہنیت کے لیڈر، ملک کے امن اور بھائی چارے کے لیے خطرہ ہیں۔ جیلانی نے الزام لگایا کہ مسعود اشتعال انگیز بیانات دینے میں اکبر الدین اویسی سے بھی آگے نکل گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران مسعود جیسے لیڈر غریب مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وقف املاک کے حوالے سے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات سے محروم اور استحصال زدہ مسلمان خوش ہیں۔ حکومت کے سینئر لیڈروں نے واضح کر دیا ہے کہ حالات ویسے ہی رہیں گے جیسے پہلے تھے۔
 
 
بی جے پی کے ترجمان نے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عمران مسعود کے خلاف ہر شہر اور ہر ضلع میں ایف آئی آر درج کی جانی چاہیے، جو لوگ وقف ترمیمی قانون کے نام پر فسادات بھڑکانا چاہتے ہیں، انہیں قانون کا سامنا کرنا چاہیے۔یاسر جیلانی نے مزید کہا کہ پچھلی بار بھی جب سی اے اے اور این آر سی کے خلاف مظاہرے ہوئے تھے تو ایسے لیڈروں کے زیر اثر غریب مسلمانوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے۔ اب وقت آگیا ہے کہ مسلم کمیونٹی بیدار ہوجائے اور اشتعال انگیز لیڈروں کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔