جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے دو سرکاری ملازمین کو برطرف کر دیا ہے۔یونین ٹیریٹری حکومت کے دو ملازمین سینئر اسسٹنٹ اشتیاق احمد ملک اور اسسٹنٹ وائرلیس آپریٹر بشارت احمد میر کو دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام پر برطرف کر دیا گیا ہے۔بتا دیں کہ بشارت کو 2010 میں پولیس کانسٹیبل آپریٹر کے طور پر تعینات کیا گیا تھا اور وہ 2017 تک جموں و کشمیر پولیس کے مختلف یونٹوں میں تعینات رہ چکے ہیں۔
عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع:
وہیں دوسری جانب جموں و کشمیر کے ادھم پور میں دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تصادم جاری ہے۔ معلومات کے مطابق جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کے رام نگر تھانہ علاقے میں تلاشی مہم کے دوران جوفر گاؤں میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ سیکیورٹی فورسز کو دیکھتے ہی عسکریت پسندوں نے فائرنگ شروع کردی۔ علاقے میں 2-3 عسکریت پسندوں کے موجود ہونے کی اطلاع ہے۔ اس وقت دونوں طرف سے فائرنگ جاری ہے۔
فوج اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ جاری :
ادھم پور پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر یہ جانکاری دی کہ ، اُدھم پور کے رام نگر تھانہ علاقے کے تحت جوفر گاؤں میں پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کے تلاشی آپریشن کے دوران تین عسکریت پسندوں کے ساتھ انکاؤنٹر شروع ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ جاری ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ کٹھوعہ ضلع کے سانیال علاقے میں 24 مارچ کو آپریشن شروع ہونے کے بعد سے تین انکاؤنٹر کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز پچھلے 17 دنوں سے ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں جانے والے دہشت گردوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ 27 مارچ کو علاقے میں ایک مقابلے میں دو دہشت گرد مارے گئے اور چار پولیس اہلکار شہید ہوئے۔
سیکورٹی فورسز نےسخت کی نگرانی :
اس کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں برف پگھلنے اور پہاڑی گزرگاہوں کے کھلنے کے ساتھ ہی، فوج نے وادی چناب میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے اور امن برقرار رکھنے کے مقصد سے ڈوڈہ ضلع کے گھنے جنگلاتی علاقے میں نگرانی بڑھا دی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کے دوران وادی بھدرواہ کے اونچائی والے علاقوں میں نگرانی کو بڑھا دیا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ عسکریت پسند یہاں بین الاقوامی سرحد عبور کرکے کٹھوعہ ضلع میں دراندازی کرنے میں کامیاب ہوئے۔ پچھلے ایک سال میں کٹھوعہ پاکستانی عسکریت پسندوں کے لیے ادھم پور، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع کے بالائی علاقوں تک پہنچنے کے لیے دراندازی کا ایک بڑا راستہ بن کر ابھرا ہے۔