وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے اعلان کیا کہ آر ٹی سی میں جلد ہی 3038 ملازمتیں بھری جائیں گی جن میں دوہزار ڈرائیورس ہوں گے۔ پونم پربھاکر نے طویل مدت کے بعد آر ٹی سی میں بھرتی کے عمل کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پہلے ہی 3038 نوکریوں کو بھرنے کی اجازت دے چکی ہے اور جلد ہی اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا اور جلد از جلد نوکریوں کو بھرنے کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں حکومت خواتین کو آر ٹی سی پر مفت سفر فراہم کررہی ہے جس کے نتیجہ میں آر ٹی سی پر خواتین مسافروں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 165 کروڑ خواتین نے آر ٹی سی پر مفت سفر کیا ہے جس سے خواتین کے 5500 کروڑ روپے کی بچت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہا لکشمی کیلئے نئی بسیں خریدی جاچکی ہیں اور اب آر ٹی سی اسامیوں کو پر کرنے کیلئے تیار ہے۔
اسکے علاوہ بتاتے چلیں کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات سے قبل اپوزیشن جماعت بی آر ایس کو آج اس وقت راحت حاصل ہوئی جب راجندر نگر اسمبلی حلقہ کے کئی افراد نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ بی آر ایس کے کارکرگزار صدر کے ٹی آر اور حلقہ کی رکن اسمبلی سبیتا اندراریڈی کی موجودگی میں راجندر نگر کے کئی افراد نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر سبیتا اندرا ریڈی نے کہاکہ عوام خاص طورپر نوجوان کانگریس حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہوکر بی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے بھی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔