تلنگانہ کے وزیر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کالیشورم پروجیکٹ پر نیشنل ڈیم سیفٹی اتھارٹی (این ڈی ایس اے) کی رپورٹ سابقہ بی آر ایس حکومت پر براہ راست الزام ہے، جس میں اس کے ڈیزائن، تعمیر اور دیکھ بھال میں سنگین خامیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔
انہوں نے آج ایچ آئی سی سی میں انڈیا سمٹ - 2025 کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کے بی آر ایس لیڈروں کو شرم آنی چاہیے۔ این ڈی ایس اے کی رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ڈیزائن ناقص تھا، تعمیرات خراب تھیں، آپریشن اور مینٹیننس میں بھی خرابی تھی۔
کانگریس رپورٹ کا مکمل جائزہ لے گی: اتم ریڈی
مٹی کی صحیح جانچ نہیں کی گئی اور نہ ہی مناسب جیو فزیکل تحقیقات کی گئیں۔ انہوں نے سابقہ بی آر ایس حکومت پر الزام لگایا کہ اس نے تلنگانہ کے مستقبل کو گروی رکھ کر ایک پراجکٹ کی تعمیر کے لیے زیادہ شرح سود پر ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا قرض لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ایس لیڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ کالیشورم کے ساتھ معجزات کر رہے ہیں۔ لیکن یہ کے سی آر کے دور حکومت میں ہی منہدم ہو گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی آر ایس قائدین عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا، بی آر ایس ایک بار پھر کسانوں کو دھوکہ دینا چاہتی ہے۔ لیکن اب یہ نہیں چلے گا۔ بی آر ایس قائدین سے کسانوں سے عوامی معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس حکومت این ڈی ایس اے کے نتائج کا گہرائی سے مطالعہ کرے گی اور کابینہ کی اگلی میٹنگ میں بھی اس پر تفصیل سے بات کرے گی۔