سپریم کورٹ نے پیر کو سابق آئی اے ایس پروبیشنر پوجا کھیڈکر کو 2 مئی کو دہلی پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا۔ کھیڈکر پر یو پی ایس سی سول سروسز امتحان 2022 میں دھوکہ دہی اور او بی سی اور دیویانگ کوٹے کا غلط استعمال کرنے کا الزام ہے۔ سماعت کے دوران جسٹس بی وی ناگرتھنا اور ستیش چندر شرما کی بنچ نے کہا کہ 21 مئی تک ان کے خلاف کوئی سخت کارروائی نہیں کی جائے گی۔اس معاملے میں سپریم کورٹ کی بنچ نے یہ بھی پایا کہ ابھی تک اس معاملے میں مناسب تفتیش نہیں ہوئی ہے اور دہلی پولیس کو جانچ میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔ ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے دہلی پولیس کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ کھیڈکر سے حراست میں پوچھ گچھ کی ضرورت ہے لیکن عدالت نے انہیں فی الحال عبوری راحت دے دی ہے۔
قبل ازیں،ہائی کورٹ نے ان کی پیشگی ضمانت کی عرضی کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا تھا کہ یہ نظام میں بڑے پیمانے پر ہیرا پھیری کا معاملہ ہے جس کی مکمل چھان بین ہونی چاہیے۔جنوری میں سپریم کورٹ نے انہیں گرفتاری سے عبوری تحفظ دیا تھا۔ لیکن اس کے ساتھ ہی عدالت نے کہا تھا کہ اسے تحقیقات میں تعاون کرنا ہوگا۔ اس پر UPSC امتحان پاس کرنے کے لیے دیگر پسماندہ طبقات (OBC) اور بینچ مارک معذوری والے افراد کے لیے مخصوص نشستوں کا دھوکہ دہی سے استعمال کرنے کا الزام ہے۔
دہلی ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہاتھا کہ ان کا مقدمہ ایک آئینی ادارے کے ساتھ ساتھ معاشرے اور پورے ملک کے ساتھ دھوکہ دہی کی مثال ہے۔ ہائی کورٹ نے زور دیا کہ سازش کو بے نقاب کرنے کے لیے تحقیقات ضروری ہیں۔ ہائی کورٹ نے پوجا کے والدین کے اعلیٰ عہدوں کا بھی ذکر کیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بااثر لوگوں سے ملی بھگت ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ پوجا پر دہلی پولیس نے سول سروسز امتحان میں دھوکہ دہی، او بی سی اور معذوری کوٹہ کا غیر قانونی دعویٰ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔