امریکہ کے نائب صدر جے ڈی ونس، ہندوستان کے چار روزہ سرکاری دورے پر آج صبح نئی دہلی پہنچے۔ ان کے ساتھ امریکی خاتون دوم اوشا ونس، اور امریکی انتظامیہ کے سینئر ارکان بھی موجود ہیں۔ ہندوستان پہنچنے پر مرکزی وزیر اشونی وشنو نے نائب صدر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر امریکہ کے نائب صدر کو رسمی گارڈ آف آنر بھی دیاگیا۔ وینس آج شام وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ ملاقات کے دوران توقع ہے کہ دونوں فریقین دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے طریقوں پر بات چیت کریں گے۔
امریکی نائب صدر اور ان کے وفد کی دہلی میں دیگر مصروفیات ہوں گی اور واشنگٹن ڈی سی کیلئے روانگی سے قبل جے پور اور آگرہ کا بھی دورہ کریں گے۔اطلاعات کے مطابق یہ امریکی نائب صدر جے ڈی وانس کا پہلا دورہ ہندوستان ہے۔ ان کا دورہ دونوں فریقوں کو دوطرفہ تعلقات میں پیشرفت اور ہندوستان۔امریکہ کے نتائج کے نفاذ کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرے گا۔ اس سال 13 فروری کو وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے دوران مشترکہ بیان جاری کیا گیا تھا۔ دونوں فریقین باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ ہندوستان اور امریکہ ایک جامع عالمی تزویراتی شراکت داری سے لطف اندوز ہوتے ہیں جس میں انسانی کوششوں کے تقریباً تمام شعبوں کا احاطہ کیا جاتا ہے جو مشترکہ جمہوری اقدار کے ذریعے کارفرما ہے۔
وزیراعظم کا کل سے دو روزہ دورہ سعودی عرب:
وزیراعظم نریندر مودی کل سعودی عرب کے دو روزہ دورہ پر روانہ ہوں گے۔ خارجہ سکریٹری وکرم مصری نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی اور دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور کنیکٹیویٹی کے اقدامات پر بات کریں گے۔ مصری نے بتایا کہ دورہ کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو تقویت دینے کیلئے کئی معاہدوں کو حتمی شکل دینے کی توقع ہے جس میں مودی اور محمد بن سلمان دو طرفہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کی دوسری میٹنگ کی شریک صدارت کریں گے۔
وزیر اعظم مودی جو ولی عہد کی دعوت پر 22-23 اپریل کے دوران سعودی عرب میں ہوں گے، جدہ میں محمد بن سلمان اور دیگر اعلیٰ رہنماؤں سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ وہ ہندوستانی کارکنوں سے بات چیت کیلئے ایک فیکٹری کا دورہ بھی کریں گے۔ یہ مودی کا سعودی عرب کا تیسرا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل وہ ستمبر 2023 میں جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے بھی سعودی عرب گئے تھے۔ مصری نے ہندوستان کی توانائی کی سلامتی میں کلیدی کردار اور اسلامی دنیا میں ایک سرکردہ آواز کے طور پر سعودی عرب کی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔