جموں و کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے کے لیے انتہائی اہم سمجھے جانے والے ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لنک پروجیکٹ کا افتتاح ایک بار پھر ملتوی کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی 19 اپریل کو کٹرا سے سنگلدان سیکشن کا افتتاح کرنے والے تھے، لیکن خراب موسم کے امکان کی وجہ سے مجوزہ دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس ماہ کے آخر تک اس کا افتتاح ہو سکتا ہے۔جسکے لیے جلد نئی تاریخ کا اعلان متوقع ہے۔
بتا دیں کہ 19 اپریل کو کٹرا سے سری نگر تک وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھانے کے ساتھ چناب اور انجی پل کا افتتاح بھی شامل تھا۔تاہم اس پروگرام کو فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس ریل پروجیکٹ کے افتتاح کو لے کر پہلے بھی کئی بحثیں ہو چکی ہیں۔ دسمبر 2024 میں جب کٹرا سے ریاسی کے درمیانکا آخری سیکشن مکمل ہوا تھا۔اس کے بعد سے افتتاح کے بارے میں قیاس آرائیاں عروج پر تھیں ، لیکن کسی سرکاری تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ۔ اس کے بعد فروری 2025 میں وندے بھارت ٹرین سروس شروع کرنے کے بارے میں ایک بار پھر بحث ہوئی جسے بالآخر ملتوی کر دیا گیا۔
اس کے بعد دوبارہ افتتاح کی تیاریاں کی جا رہی تھیں۔ 19 اپریل کو منعقد ہونے والے پروگرام کے لیے ریلوے کی جانب سے تمام تیاریاں کر لی گئی تھیں۔ناردرن ریلوے کے سی پی آر او آفس کے حکام کے مطابق خراب موسم اور وزیر اعظم کے مصروف شیڈول کے باعث افتتاحی تقریب ملتوی کر دی گئی ہے۔ تمام تیاریاں مکمل ہیں، وزیر اعظم سے وقت ملتے ہی تاریخ طے کر کے افتتاح کر دیا جائے گا۔ ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لنک پروجیکٹ 272 کلومیٹر طویل ہے۔ اس میں 119 کلومیٹر لمبی سرنگیں شامل ہیں۔ اس راستے پر دریائے چناب پر بننے والا پل دنیا کا بلند ترین تاریخی ریلوے آرچ پل ہے۔ اس کے ساتھ ہی دریائے انجی پر بنایا گیا انجی پل ہندوستان کا پہلا کیبل اسٹیڈ ریل پل ہے۔