جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں عسکریت پسندوں کے ذریعہ اغوا کیے گئے ٹیریٹوریل آرمی (ٹی اے) کے ایک سپاہی کی گولیوں سے چھلنی لاش 9 اکتوبر بدھ کے روز برآمد ہوئی۔
پولیس نے بتایا کہ لاپتہ ہونے والے فوجی جوان ہلال احمد بھٹ کی لاش اننت ناگ کے اتراسو میں سنگلان جنگلاتی علاقے سے برآمد ہوئی ہے۔
بتا دیں کہ منگل کی شام لاپتہ ہونے والے فوجی کی لاش جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے کوکرناگ کے جنگلاتی علاقے سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے ایک اعلیٰ ذرائع نے بتایا کہ کل فوج کے ایک سپاہی کے لاپتہ ہونے کے بعد آج صبح پولیس اور فوج نے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی تھی۔
انہوں نے کہاکہ تلاشی مہم کے دوران آج ہمیں لاپتہ فوجی کی لاش دستیاب ہوئی۔
واضح رہے کہ عسکریت پسندوں نے مبینہ طورپر جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے شانگاس اور کوکرناگ کے جنگل میں گشت کرنے والے آدمی کے دو فوجیوں کا اغوا کرلیاتھا۔
ان میں سے ایک فوجی کسی طرح زخمی حالت میں عسکریت پسندوں کے چنگل سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
تاہم دوسرے فوجی کی تلاش جاری تھی لیکن سیکوریٹی فورسیس کو آج اس کی لاش ملی۔ اس دوران سیکوریٹی فورسیس نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر عسکریت پسندوں کی تلاش مزید تیز کردی ہے۔